ترکی میں زلزلہ: پاکستان کی ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں معاونت کی پیشکش

ترک بہن بھائیوں کو اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، شاہ محمود قریشی — فائل فوٹو / اے پی
ترک بہن بھائیوں کو اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، شاہ محمود قریشی — فائل فوٹو / اے پی

پاکستان نے ترکی کو تباہ کن زلزلے کے بعد ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں معاونت کی پیشکش کردی۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

وزیر خارجہ نے ترکی کے مشرقی علاقے میں آنے والے شدید زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے بھاری جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس اور صدر و وزیر اعظم پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کی طرف سے قیمتی جانوں کے نقصان پر ترک وزیر خارجہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں معاونت کی پیشکش کی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ترک بہن بھائیوں کو اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

وزیر خارجہ نے اپنے ترک ہم منصب کو پاکستان کی طرف سے فیلڈ ہسپتال اور ریسکیو ٹیمیں بھجوانے کی بھی پیشکش کی۔

مزید پڑھیں: ترکی میں 6.8 شدت کا زلزلہ، 22 افراد ہلاک، پاکستان کا اظہار افسوس

ترک وزیر خارجہ نے اظہار تعزیت اور مدد کی پیشکش پر پاکستانی قیادت اور قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ترک حکومت زلزلہ زدگان کی امداد اور بحالی کے امور سرانجام دے رہی ہے، اگر ضرورت درپیش ہوئی تو ہم اپنے برادر ملک پاکستان کو ضرور مطلع کریں گے۔

ترکی میں طاقتور زلزلہ

واضح رہے کہ ترکی کے مشرقی حصے میں آنے والے 6.8 شدت کے طاقتور زلزلے سے اب تک 22 افراد کے ہلاک جبکہ ایک ہزار سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ ریسکیو ٹیمیں تباہ حال عمارتوں کے ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ پریزیڈینسی (اے ایف اے ڈی) نے بتایا کہ بتایا گیا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 55 منٹ پر آیا، جہاں اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کے بعد 5.1 اور 5.4 شدت کے آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد کی امداد کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور ’ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ترکی میں 5.8 شدت کا زلزلہ، لوگوں میں خوف و ہراس

ترکی میں آنے والے زلزلے پر وزیراعظم عمران خان نے افسوس کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان ترکی کے ساتھ کھڑا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہماری دعائیں اور ہمدردیاں اپنے ترک بھائیوں اور ترک حکومت کے ساتھ ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے اور جو مدد بھی درکار ہو بہم پہنچانے کے لیے تیار ہیں‘۔

علاوہ ازیں چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ترکی میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کی ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں