جب پیٹ میں تکلیف ہو، بدہضمی یا کوئی اور شکایت ہو تو جو سب سے آخری چیز کی جاسکتی ہے وہ کچھ ایسا کھالینا ہوگا جو طبیعت مزید خراب کردے۔

اور یہ جاننا تو اس سے بھی زیادہ مشکل ہوسکتا ہے کہ الٹیاں ہونے یا ہیضے کی شکایت میں کیا کھانا چاہیے کیا نہیں۔

مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ کچھ غذائیں ایسی ہیں جو اس دوران آپ کھاسکتے ہیں جس سے طبیعت بھی خراب نہیں ہوتی۔

سیال غذا

اگر ٹھوس غذا کھانا مشکل ہورہا ہے تو ان کی جگہ اسپورٹس ڈرنکس، یخنی یا ناریل پانی کو پینا بہتر ہوتا ہے کیونکہ ان میں ایسے منرلز جیسے پوٹاشیم، کیلشیئم اور سوڈیم موجود ہوتے ہیں جن کی جسم کو ضرورت ہوتی ہے۔

کیلے کو آزمائیں

کیلے ہضم کرنا آسان ہوتے ہیں جبکہ ان میں پوٹاشیم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے، یہ ایسا جز ہے جو ہیضے یا الٹیاں آنے کی صورت میں جسم سے کم ہونے لگتا ہے۔

چاول بھی فائدہ مند

یقینی بنائیں کہ سادہ سفید چاول کا استعمال کریں، دیگر اقسام صحت بخش تو ہوتی ہیں مگر ان کو ہضم کرنا مشکل ہوتا ہے خصوصاً جب بدہضمی کا شکار ہوں، نشاستہ دار اور کم فائبر والی غذائیں جیسے سفید چاول فضلے کو ٹھوس بنانے اور ہیضے کی روک تھام میں مدد دیتی ہیں۔

سیب کی چٹنی

سیب کی چٹنی ہضم کرنا آسان اور غذائی اجزا سے بھرپور ہوتی ہے، اس میں موجود فائبر کی ایک قسم پیسٹین موجود ہوتی ہے جو پانی میں حل ہوجاتی ہے، جو ہیضے سے نجات میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

سفید ڈبل روٹی

بدہضمی کی صورت میں سفید ڈبل روٹی کا ٹوسٹ فائبر سے بھرپور اجناس سے بہتر ثابت ہوتا ہے، اجناس میں موجود فائبر صحت مند افراد کے لیے تو فائدہ مند ہے مگر پیٹ خراب ہونے کی شکایت پر حالت مزید خراب کرسکتی ہے، خصوصاً ہیضے یا الٹیوں کی شکایت کا سامنا ہو۔

مزید اقدامات

اگر اوپر درج غذائیں کھائی جارہی ہیں تو بھنے ہوئے آلو یا بون لیس چکن کا گوشت کھا کر دیکھیں، طبیعت بہتر ہو تو کچھ پھلوں اور سبزیوں کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

دودھ سے گریز کریں

دودھ، پنیر اور آئس کریم کا استعمال بدہضمی کے دوران نہیں کرنا چاہیے کیونکہ جسم کے لیے ان کو ہضم کرنا مشکل ہوتا ہے، اس کی وجہ ان میں چکنائی کی موجودگی ہے۔

تلی ہوئی غذاﺅں سے بچیں

ایسی غذاﺅں میں تیل اور چربی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور اسی وجہ سے انہیں ہضم کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، تلی ہوئی غذاﺅں کا استعمال صحت مند افراد کے لیے بھی اچھا نہیں سمجھا جاتا تو بدہضمی کے دوران انہیں کھانا طبیعت مزید خراب کرسکتا ہے۔

سوڈا بھی نقصان دہ

سافٹ ڈرنکس میں موجود بلبلے بھی مسئلے کا باعث ہوسکتے ہیں کیونکہ ان میں موجود گیس نظام ہاضمہ میں بھرجاتی ہے اور بہت زیادہ مقدار میں چینی ہیضے کو مزید بدتر بناسکتی ہے۔

مرچ مصالحے سے بھی بچیں

بدہضمی کی شکایت ہو تو زیادہ مرچ مصالحے والی غذا سے گریز کریں کیونکہ نظام ہاضمہ کو انہیں ہضم کرنے میں بہت زیادہ محنت کرنا پڑسکتی ہے، جس سے خراب پیٹ مزید خراب ہوسکتا ہے، ان غذاﺅں سے اس وقت تک گریز کریں جب تک ھالت بہتر نہ ہوجائے۔

کچی سبزیاں اور پھل بھی طبیعت خراب کرسکتی ہیں

صحت مند ہونے پر تو ان کا استعمال کرنا صحت کو فائدہ پہنچاتا ہے مگر بدہضمی کی صورت میں ان میں موجود فائبر حالت مزید خراب کرسکتا ہے۔

احتیاط کیا کریں؟

متوازن غذا یعنی پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال نظام ہاضمہ کو درست رکھنے میں مدد دیتا ہے جبکہ مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے جو بدہضمی کا باعث بننے والے جراثیموں کے خلاف لڑتا ہے ۔

تبصرے (0) بند ہیں