'عہد وفا' پر پابندی کے لیے عدالت میں درخواست دائر

اپ ڈیٹ 17 فروری 2020
ڈرامے کی کاسٹ میں پاکستان کے نامور اداکار موجود ہیں — فوٹو: پرومو
ڈرامے کی کاسٹ میں پاکستان کے نامور اداکار موجود ہیں — فوٹو: پرومو

پاکستان کے نامور اداکار احد رضا میر، عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر اور وہاج علی کا ڈراما 'عہد وفا' اس وقت انٹرنیٹ پر خوب مقبول ہورہا ہے۔

جہاں سوشل میڈیا پر اس ڈرامے کو شائقین کا ملا جلا ردعمل موصول ہورہا ہے وہیں اب سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی کے الزام میں اس ڈرامے پر پابندی کے لیے لاہور کے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

ڈرامے کی کہانی چار دوستوں کی زندگی پر مبنی ہے — فوٹو: پرومو
ڈرامے کی کہانی چار دوستوں کی زندگی پر مبنی ہے — فوٹو: پرومو

'عہد وفا' کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر اس درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراض بھی اٹھایا جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

محمد ذیشان نامی قانون کے طالب علم نے لاہور کے ہائی کورٹ میں 'عہد وفا' پر پابندی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

اپنا مؤقف بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں سیاستدان، میڈیا، بیوروکریسی اور فوج کے کردار دکھائے گئے جبکہ سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: ماضی کی کامیاب ماڈل ونیزہ احمد کی 'عہد وفا' کے ساتھ اسکرین پر واپسی

انہوں نے مزید کہا کہ عہد وفا میں سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی سے دنیا میں پاکستان کا منفی تاثر جارہا ہے۔

احد رضا میر ڈرامے میں فوجی کے کردار میں نظر آئے — فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
احد رضا میر ڈرامے میں فوجی کے کردار میں نظر آئے — فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

محمد ذیشان نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ اس ڈرامے پر پابندی کا حکم دے۔

خیال رہے کہ اس ڈرامے کی کہانی 4 دوستوں پر مبنی ہے جو اسکول میں ہوئے ایک جھگڑے کے بعد ایک دوسرے سے دور تو ہوجاتے ہیں لیکن ہمشیہ ساتھ گزارے لمحات کو یاد کرتے ہیں۔

ڈرامے کی کہانی کے مطابق چاروں دوست لارنس کالج میں اکٹھا پڑھتے ہیں، تاہم قواعد کی خلاف ورزی پر 3 دوستوں کو کالج سے نکال دیا جاتا ہے جبکہ ایک دوست جس کا کردار احد رضا میر ادا کررہے ہیں وہ فوج کا افسر بن جاتا ہے۔

اس کے علاوہ تین دوستوں میں سے ایک رکن اسمبلی، ایک صحافی اور ایک بیوروکریٹ بن جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈراما 'عہد وفا' کے گلزار حسین کون ہیں؟

آئی ایس پی آر کے اشتراک سے بننے والے اس ڈرامے 'عہد وفا' کی ہدایات سیفی حسن دے رہے ہیں جبکہ اس کی کہانی مصطفیٰ آفریدی نے تحریر کی۔

اس ڈرامے میں ونیزہ احمد، زارا نور عباس اور علیزے شاہ نے بھی اہم کردار نبھائے۔

تبصرے (2) بند ہیں

صدیق اللّٰہ Feb 17, 2020 05:01pm
اس ڈرامے میں جو بھی دکھایا گیا ہے وہ حقیقت پر مبنی ہے اور اس کو چیلینج کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ہمارے معاشرے میں جو بھی مسائل ہی اس کو اجا کر کیا ہے۔
fiz Feb 17, 2020 05:41pm
لوگوں کے حق نہیں مارے جاتے مل جل کے؟؟