شاہ رخ خان نے ممبئی حکومت کو قرنطینہ کیلئےجگہ دے دی

اپ ڈیٹ 05 اپريل 2020
ممبئی کی شہری انتظامیہ نے جوڑے کا شکریہ بھی ادا کیا—فوٹو: فلم فیئر
ممبئی کی شہری انتظامیہ نے جوڑے کا شکریہ بھی ادا کیا—فوٹو: فلم فیئر

کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری کا درجہ رکھنے والی بولی وڈ انڈسٹری نے جہاں فلم کی شوٹنگ منسوخ کردی ہے، وہیں فلموں کی نمائش بھی روک دی گئی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث بھارت میں نافذ کیے گئے 3 ہفتوں کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے بولی وڈ کے لاکھوں مزدور یومیہ اجرت سے بھی محروم ہوگئے ہیں اور وہاں کے دیہاڑی دار مزدوروں کی مدد کے لیے جہاں حکومت نے اعلانات کیے ہیں، وہیں فلم ملازمین کی تنظیموں نے بھی مزدوروں کی معاونت کا اعلان کر رکھا ہے۔

بولی وڈ اداکار سلمان خان نے بھی کچھ دن قبل اعلان کیا تھا کہ وہ بولی وڈ کے 25 ہزار یومیہ اجرت والے ملازمین کی مالی معاونت کریں گے۔

سلمان خان کی طرح شاہ رخ خان نے بھی جہاں فلم ملازمین کی مدد کے لیے امداد فراہم کی ہے، وہیں انہوں نے بھارت کی مرکزی حکومت سمیت ریاست مہاراشٹر کی حکومت کی مدد کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔

مرکزی اور ریاستی حکومت کے بعد اب شاہ رخ خان نے مہارا شٹر کے دارالحکومت ممبئی کی مقامی حکومت کو بھی مدد کی پیش کش کرتے ہوئے انہیں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے قرنطینہ سینٹر بنانے کے لیے اپنی 4 منزلہ عمارت دے دی۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے بعد شہری حکومت کی بھی مدد کرتے ہوئے انہیں اپنے دفتر کی عمارت فراہم کردی۔

جوڑا بھارت کی  مرکزی حکومت کو بھی مدد فراہم کر رہا ہے—فوٹو: فلم فیئر
جوڑا بھارت کی مرکزی حکومت کو بھی مدد فراہم کر رہا ہے—فوٹو: فلم فیئر

رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ نے ممبئی کی برہن ممبئی میونسل کارپوریشن کو اپنی 4 منزلہ عمارت وقتی طور پر فراہم کردی، تاکہ مقامی انتظامیہ وہاں پر کورونا کا شکار ہونے والے بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کے لیے قرنطینہ قائم کر سکے۔

اداکار و ان کی اہلیہ کی جانب سے انتظامیہ کو عمارت فراہم کرنے کے بعد مقامی انتظامیہ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ جوڑے کی جانب سے فراہم کی جانے والی 4 منزلہ عمارت میں بچوں، بزرگوں اور خواتین کے لیے قرنطینہ سینٹر قائم کیا جائے گا۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے شکریہ ادا کرنے پر شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے بھی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی کہا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں تاکہ ممبئی کے رہنے والوں کو مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔

خیال رہے کہ کچھ دن قبل تک بھارت کے سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کو کورونا وائرس کے حوالے سے حکومت کا ساتھ نہ دینے یا پھر عام لوگوں کی مدد نہ کرنے پر ** تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا** تھا۔

گوری خان نے ممبئی کی مقامی حکومت کو مزید مدد کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی—فوٹو: انسٹاگرام
گوری خان نے ممبئی کی مقامی حکومت کو مزید مدد کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی—فوٹو: انسٹاگرام

تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ اور ان کی اہلیہ گوری خان اپنی 4 مختلف کمپنیوں کے تحت مرکزی و ریاستی حکومت سمیت شہری حکومت اور عام افراد کی مدد کر رہے ہیں۔

اکنامک ٹائمز کے مطابق شاہ رخ خان اور گوری خان اپنے سماجی تنظیم میر فاؤنڈیشن، کرکٹ ٹیم کولکتا نائٹ رائڈرز، ریڈ چلی انٹرٹینمینٹ اور ریڈ چلی وی ایف ایکس کے ذریعے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نہ صرف حکومت بلکہ عوام کو بھی امداد فراہم کررہے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ خود پر تنقید کے باوجود شاہ رخ خان نے تاحال سوشل میڈیا پر یہ صفائی نہیں دی کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتوں اور اداروں کا ساتھ دے رہے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سلمان خان اور شاہ رخ خان کے علاوہ اکشے کمار اور امیتابھ بچن سمیت دیگر کئی بولی وڈ شخصیات نے بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے لاکھوں روپے امداد کا اعلان کیا ہے جب کہ لاک ڈاؤن کے دوران تمام فلمی شخصیات سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایات بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

جوڑا اپنے 4 مختلف کاروباری اداروں کے تحت حکومت کی مدد کر رہا ہے، رپورٹس—فوٹو: فلم فیئر
جوڑا اپنے 4 مختلف کاروباری اداروں کے تحت حکومت کی مدد کر رہا ہے، رپورٹس—فوٹو: فلم فیئر

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں