امریکی صدر نے آخرکار فیس ماسک پہن لیا

23 مئ 2020
— فوٹو بشکریہ دی گارڈین
— فوٹو بشکریہ دی گارڈین

امریکا کی مختلف ریاستوں میں اپریل کے آغاز میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا تھا مگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر کہا تھا ’میں نے یہ نہ کرنے کا انتخاب کیا ہے‘۔

تاہم امریکی صدر نے حکومت کی خود جاری کردہ ہدایات سے اپنے آپ کو مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اوول آفس میں بیٹھ کر دنیا کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے اپنا چہرہ ڈھانپنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ ایک تجویز ہے جو انہوں نے دی لیکن میں خود (ماسک) نہیں پہننا چاہتا۔

مگر امریکی صدر میڈیا کی آنکھ سے دور ماسک استعمال کرتے ہیں اور ایسا مشی گن میں ایک دورے کے دوران دیکھنے میں آیا۔

اسکائی نیوز ایک ویڈیو میں دکھایا گیا کہ امریکی صدر نے نیلے رنگ کا ایک ماسک پہن رکھا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصاویر بھی منظرعام پر آئی ہیں جن میں وہ ماسک پہنے ہوئے ہیں جو وائرل بھی ہوگئیں اور ایسا اس وقت ہوا جب مشن گن کی اٹارنی جنرل نے فیس ماسک پہننے بغیر گاڑیاں بنانے والی کمپنی فورڈ کی فیکٹری کا دورہ کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر برہمی کا اظہار کیا۔

اٹارنی جنرل ڈانا نیسل نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا رویہ ’انتہائی مایوس کن اور خلاف توقع‘ تھا۔

انہوں نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ 'صدر ایک بدمعاش بچے کی طرح ہیں جو قواعد پر عمل کرنے سے انکار کرتے ہیں اور مجھے یہ کہنا ہے کہ یہ کوئی مذاق نہیں ہے'۔

بعد ازاں میڈیا کے سامنے ماسک پہنے بغیر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے دورے کے دوران اسے پہن رکھا تھا۔

انہوں نے کہا 'میں نے ایک ماسک پہلے پہنا ہوا تھا، فیکٹری کے اندر میں نے اسے پہنا ہوا تھا مگر میڈیا کو اس نظارے سے محظوظ نہیں ہونے دوں گا'۔

فورڈ کی اس فیکٹری میں کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے لیے وینٹی لیٹرز اور دیگر حفاظتی آلات کو تیار کیا جارہا ہے۔

جب یہ پوچھا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ کہا گیا تھا کہ پلانٹ میں ماسک نہ پہننے کی اجازت دی جائے گی تو کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین بل فورڈ نے کہا 'یہ ان کی اپنی مرضی ہے'۔

دورے سے قبل کمپنی نے عندیہ دیا تھا کہ صدر کو فیکٹری میں ایک ماسک لازمی پہننا ہوگا۔

اس دورے سے قبل مشی گن کی اٹارنی جنرل ڈانا نیسل نے وائٹ ہاؤس کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا تھا کہ مشی گن میں یہ قانون ہے کہ ہر ایک کو دفتری ماحول میں لازمی فیس ماسک پہننا ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں