مودی کے دوست کے بعد ایک اور بھارتی کاروباری شخص کا یو اے ای میں فراڈ

30 مئ 2020
یوگیش اشوک یاریاوا 11 مئی کو ابو ظہبی سے بھارت منتقل ہوئے—فوٹو: گلف نیوز
یوگیش اشوک یاریاوا 11 مئی کو ابو ظہبی سے بھارت منتقل ہوئے—فوٹو: گلف نیوز

رواں ماہ کے آغاز میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے کروڑ پتی دوست کی جانب سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کروڑوں ڈالر کے فراڈ کا معاملہ سامنے آیا تھا اور وہ وہاں سے فرار ہوگئے تھے۔

نریندر مودی کے قریبی دوست بواگاتھو رگورام (بی آر) شیٹھی پر الزام تھا کہ انہوں نے مختلف بینکوں سے اربوں ڈالر کا قرض لے کر اپنے ہسپتالوں اور دیگر کاروبار کو وسعت دی مگر انہوں نے معاہدے کے مطابق رقم کی ادائگی نہیں کی جس کے بعد ابتدائی طور پر ابوظہبی میں ان کے اثاثے منجمند کیے گئے اور اس کے بعد ان کے برطانیہ میں موجود کاروبار کو بھی منجمند کردیا گیا۔

بی آر شیٹھی بھارتی وزیر اعظم کے قریبی دوستوں میں سے ہیں اور ان کی ملکیت 36 ہزار کروڑ روپے تک بتائے جاتے ہیں، تاہم وہ اپنے خلاف فراڈ اور دھوکا دہی کے الزامات کے بعد مئی کے آغاز میں یو اے ای سے فرار ہوگئے تھے۔

اور اب ایک اور بھارتی کاروباری شخص بھی متحدہ عرب امارات میں متعدد کمپنیوں کو لوٹ کر فرار ہوکر واپس بھارت پہنچ گئے۔

گلف نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی کمپنی رائل لک فوڈ اسٹف ٹریڈنگ کے مالک 36 سالہ یوگیش اشوک یاریاوا نے متعدد کمپنیوں اور کاروباری افراد سے کم از کم 60 لاکھ درہم کی مختلف چیزیں خرید کر انہیں جعلی چیک دے کر انہیں لوٹا اور بعد ازاں ابوظہبی سے بھارت فرار ہوگئے۔

فراڈی شخص نے کمپنیوں کو جعلی چیک دیے—فوٹو: گلف نیوز
فراڈی شخص نے کمپنیوں کو جعلی چیک دیے—فوٹو: گلف نیوز

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی فراڈی شخص نے بڑی اور معروف کمپنیوں سے بھی بیک وقت 5 سے 15 لاکھ درہم کی چیزیں خریدیں اور انہیں کچھ دن بعد کے چیک دیے مگر جب مذکورہ کمپنیاں چیک کیش کرانے گئیں تو انہیں معلوم ہوا کہ ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔

بھارتی کاروباری فراڈی شخص نے کورونا وائرس کی وبا کے دنوں میں کمپنیوں سے فیس ماسک، سینیٹائیزر، ہینڈ گلووز اور کھانے پینے کی دیگر چیزیں خریدیں، انہوں نے کچھ کمپنیوں سے سبزیاں، کوکنگ آئل، فروزن کھانے اور کھجوروں سمیت دیگر غذائی چیزیں بھی خریدیں اور کمپنیوں کو کچھ دن بعد کے جعلی بیک چیک دیے۔

فراڈ کا علم ہونے کے بعد کمپنیوں اور کاروباری شخصیات نے متحدہ عرب امارات میں موجود بھارتی سفارت خانے سے رابطہ کیا اور فراڈی شخص کے حوالے سے شکایت بھی کی، تاہم اس باوجود فراڈی شخص 11 مئی کو ابوظہبی سے بھارت روانہ ہوگیا۔

گلف نیوز کے مطابق کم از کم 40 کاروباری افراد اور کمپنیوں سے 60 لاکھ درہم لوٹنے والے شخص کو بھارتی حکومت کی جانب سے کورونا متاثرین کو یو اے ای سے بھارت منتقل کرنے کی مہم کے دوران منتقل کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فراڈی شخص کو یو اے ای سے بھارت منتقل کیے جانے والے 170 مسافروں میں کے ساتھ ہندوستان لے جایا گیا اور انہیں انڈیا میں 2 ہفتے تک قرنطینہ میں بھی رکھا گیا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ فراڈی شخص کے بھارتی حکومت کے ساتھ کتنے روابط تہیں اور کیا انہیں خصوصی طور پر منتقل کیا گیا یا انہوں نے ہندوستانی حکومت کے ساتھ بھی فراڈ کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں