'سریلی اکھیوں والے، دغاباز نیناں' اور 'مست دو نین' کے موسیقار چل بسے

اپ ڈیٹ 02 جون 2020
واجد علی نے سلمان خان کی چند فلموں میں مختصر کردار بھی ادا کیے—اسکرین شاٹ
واجد علی نے سلمان خان کی چند فلموں میں مختصر کردار بھی ادا کیے—اسکرین شاٹ

پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے بولی وڈ گیتوں 'دغاز نیناں' اور'تیرے مست مست دو نین' سمیت متعدد مشہور بھارتی فلمی گیتوں کی موسیقی ترتیب دینے والے موسیقار و اداکار واجد علی خان 42 سال کی عمر میں گردے کے مرض اور کورونا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد چل بسے۔

واجد علی خان نے اپنے بھائی ساجد علی خان کے ساتھ مل کر 1998 میں بطور فلمی موسیقار کیریئر کا آغاز کیا اور دونوں کی جوڑی کو ساجد واجد کا نام دیا گیا، دونوں برصغیر کے مقبول موسیقار استاد شرافت علی خان کے بیٹے ہیں۔

زیادہ تر دونوں بھائیوں نے ایک ساتھ فلمی گیتوں کی موسیقی ترتیب دی، تاہم دونوں بھائیوں نے انفرادی طور پر بھی کئی گیتوں کی موسیقی ترتیب دی۔

ساجد، واجد کی جوڑی نے سلمان خان کی 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم 'پیار کیا تو ڈرنا کیا' سے بطور موسیقار کیریئر کا آغاز کیا، اسی فلم میں معروف موسیقار ہمیش ریشمیا نے بھی گیتوں کی موسیقی ترتیب دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار عرفان خان انتقال کرگئے

'پیار کیا تو ڈرنا کیا' کے گانے 'تیری جوانی' کی موسیقی ساجد، واجد نے ترتیب دی تھی، اسی فلم کے گانے کی مقبولیت کے بعد دونوں بھائیوں نے آئندہ سال 1999 میں ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم ' ہیلو برادر' کے گیتوں کی موسیقی بھی ترتیب دی تھی۔

دونوں بھائیوں نے زیادہ تر سلمان خان کی فلموں کے گیتوں کی ہی موسیقی ترتیب دی، تاہم دونوں نے اکشے کمار، گووندا اور ورون دھون سمیت دیگر اداکاروں کی فلموں کے گیتوں میں بھی اپنے فن کو ظاہر کیا۔

ساجد، واجد کی جانب سے جن معروف گیتوں کی موسیقی ترتیب دی گئی ان میں پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کے گانے ' سریلی اکھیوں والے'، ' تیرے مست مست دو نین'، 'نیناں دغا باز رے ' جیسے گانے بھی شامل ہیں۔

دونوں بھائیوں کے دیگر مقبول گانوں میں ' انار کلی ڈسکو چلی، تیرا ہیرو ادھر ہے، میں تیرا ہیرو، فیوی کول، ماشاء اللہ، آرے پریتم پیارے، چنتا تا چنتا، سونی دے نخرے، لال دوپٹہ، مجھ سے شادی کروگی، لگن لگی اور ہٹا ساون کی گھٹا' جیسے گانے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بھی دونوں نے درجنوں گانوں کی نہ صرف موسیقی ترتیب دی بلکہ انہوں نے فلموں کے لیے گیت بھی لکھے۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں چل بسے

دونوں بھائیوں میں سے ساجد علی خان نے گلوکاری جب کہ واجد علی خان نے اداکاری بھی کی اور دونوں نے مشترکہ طور پر متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔

واجد خان کی اچانک موت پر جہاں ان کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں، وہیں بولی وڈ شخصیات سمیت دنیا بھر میں ان کے چاہنے والے افسردہ دکھائی دیے۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق واجد خان ممبئی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے، جہاں انہیں گردوں کی بیماری اور کورونا جیسی علامات کے باعث داخل کرایا گیا تھا۔

واجد علی خان نے یکم جون کو آخری بار سانسیں لیں جبکہ ان کی موت پر متعدد بولی وڈ شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔

واجد خان کی موت پر سلمان خان، اکشے کمار، امیتابھ بچن سمیت چوٹی کے بولی وڈ اداکاروں نے بھی افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعا بھی کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں