جسمانی ساخت پر نامناسب تبصرہ، کیٹ مڈلٹن نے میگزین کو قانونی نوٹس بھجوادیا

فیشن میگزین نے اپنے مضمون میں کیٹ مڈلٹن کی جسمانی ساخت پر بھی باتیں کی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
فیشن میگزین نے اپنے مضمون میں کیٹ مڈلٹن کی جسمانی ساخت پر بھی باتیں کی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

برطانوی شاہی خاندان کی بڑی بہو ڈچز آف کیمبرج کیتھرائن کیٹ مڈلٹن اور ان کے شوہر ڈیوک آف کیمبرج شہزادہ ولیم نے معروف برطانوی میگزین کو نامناسب مضمون شائع کرنے پر قانونی نوٹس بھجوادیا۔

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے برطانیہ کی معروف میگزین ٹیٹلر کی انتظامیہ کو قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کیٹ مڈلٹن سے متعلق شائع کیے گئے مضمون کو انٹرنیٹ سے ہٹادے۔

برطانوی فیشن میگزین ہارپر بازار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کیٹ مڈلٹن اور ان کے شوہر نے ٹیٹلر میگزین کو قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے میگزین سے فوری طور پر مضمون ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

شاہی جوڑے نے اپنے قانونی نوٹس میں میگزین کے مضمون کو نامناسب قرار دیتے ہوئے انتظامیہ پر واضح بھی کیا کہ مضمون کو نہ ہٹائے جانے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

شاہی جوڑے نے پہلی بار میگزین کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
شاہی جوڑے نے پہلی بار میگزین کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

دوسری جانب فیشن میگزین ان اسٹائل نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کیٹ مڈلٹن کے حوالے سے شائع کیے گئے مضمون کو ہٹائے جانے پر ٹیٹلر میگزین کی انتظامیہ نے انکار کردیا۔

ان اسٹال نے اپنی رپورٹ میں انٹرٹینمنٹ آن لائن کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ میگزین کی انتظامیہ مضمون کو نہ ہٹائے جانے پر بضد ہے اور انتظامیہ اس ضمن میں کسی بھی قانونی کارروائی کے وقت مضمون کے ہر ایک لفظ کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

کیٹ مڈلٹن اور ان کے شوہر کی جانب سے میگزین کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب کہ مذکورہ میگزین نے مسلسل دوسری بار شاہی خاندان کی بڑی بہو کے حوالے سے نامناسب مضمون شائع کیا۔

ٹیٹلر میگزین کا حالیہ مضمون ان کے آنے والے یعنی جولائی تا اگست کے شمارے میں شامل ہوگا لیکن اس مضمون کو انٹرنیٹ پر پہلے ہی شائع کردیا گیا اور آنے والے شمارے کے سرورق کی تصویر بھی شیئر کردی گئی۔

کیٹ مڈلٹن کے حوالے سے مضمون آئندہ شمارے میں شائع ہوگا—فوٹو: ٹیٹلر میگزین
کیٹ مڈلٹن کے حوالے سے مضمون آئندہ شمارے میں شائع ہوگا—فوٹو: ٹیٹلر میگزین

ٹیٹلر میگزین نے اپنے آنے والے شمارے کے سرورق پر کیٹ مڈلٹن کی سفید لباس میں مسکرانے والی تصویر دیتے ہوئے (کیتھرائن دی گریٹ) کے نام سے شمارے میں شامل ان کے لیے لکھے گئے مضمون کی شہ سرخی بھی دی گئی ہے۔

ٹیٹلر میگزین میں کیٹ مڈلٹن کی زندگی کے حوالے سے شائع کیا گیا مضمون معروف لکھاری اینا پیسٹرناک کی جانب سے لکھا گیا اور انہوں نے مضمون میں کہی جانے والی باتوں کے حوالے سے شاہی محل کے کچھ افراد کو اپنی معلومات کا ذریعہ بنایا ہے۔

ٹیٹلر میگزین نے مذکورہ مضمون کو 25 مئی کو اپنی میگزین کی ویب سائٹ پر شائع کیا، جس کے بعد مذکورہ مضمون دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔

مضمون میں کیٹ مڈلٹن کے جسمانی خدوخال پر بات کرتے ہوئے انہیں شدید پتلا کہا گیا ہے اور ان کی جسمانی ساخت کو ان کی آنجھانی سانس لیڈی ڈیانا سے تشبیح بھی دی گئی ہے۔

مضمون میں کیٹ مڈلٹن کی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی باتیں کی گئی ہیں جب کہ ان کے والدین کے حوالے سے بھی بات کی گئی اور بتایا گیا ہے کہ چوں کہ کیٹ مڈلٹن کی پیدائش شاہی خاندان میں نہیں ہوئی تو انہیں شاہی روایات سیکھنے اور شاہی محل کو اپنانے اور سمجھنے میں وقت لگا۔

مضمون میں کیٹ مڈلٹن کی جسمانی ساخت کو شدید پتلا بھی لکھا گیا—فوٹو: اے ایف پی
مضمون میں کیٹ مڈلٹن کی جسمانی ساخت کو شدید پتلا بھی لکھا گیا—فوٹو: اے ایف پی

مضمون میں کیٹ مڈلٹن کی جسمانی ساخت پر نامناسب تبصرے کرنے سمیت ان کی نجی زندگی کے حوالے سے قیاس آرائیوں پر مبنی باتیں کرنے پر ان کے شوہر اور کیٹ مڈلٹن نے میگزین کو مذکورہ مضمون ہٹانے کے لیے قانونی نوٹس بھجوایا ہے اور عندیہ دیا ہے کہ اگر مضمون نہ ہٹایا گیا تو میگزین کے خلاف قانونی کارروائی بھی جا سکتی ہے۔

اس مضمون سے قبل بھی مذکورہ میگزین نے 2 ہفتے قبل اپنے ایک مضمون میں دعویٰ کیا تھا کہ رواں سال مارچ میں شاہی خاندان کی چھوٹی بہو میگھن مارکل اور ان کے شوہر شہزادہ ہیری کی جانب سے شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کے بعد کیٹ مڈلٹن کا کام بڑھ گیا۔

مضمون میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شاہی ذمہ داریاں بڑھ جانے کی وجہ سے کیٹ مڈلٹن ذہنی دباؤ اور پریشانی کا بھی شکار ہیں، تاہم اس مضمون پر بھی شاہی محل نے برہمی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ مضمون میں بتائی گئی باتیں غیر حقیقی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وہ 5 پاکستانی برانڈز جن کے ملبوسات کیٹ مڈلٹن کو پسند آئے

خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے رواں برس مارچ میں باضابطہ طور پر شاہی حیثیت سے دستبرداری کے بعد ابتدائی طور پر کینیڈا اور بعد ازاں امریکا منتقل ہوگئے تھے۔

میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری نے بھی برطانوی اخبار دی سن کے خلاف قانونی مقدمہ دائر کر رکھا ہے اور ان کا کیس لندن کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔

ان کی طرح اب کیٹ مڈلٹن اور شہزادہ ولیم نے بھی ٹیٹلر میگزین کو قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے میگزین کو قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی ہے۔

میگزین نے فوری طور پر مضمون ہٹانے سے انکار کیا—فوٹو: اے ایف پی
میگزین نے فوری طور پر مضمون ہٹانے سے انکار کیا—فوٹو: اے ایف پی

خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر میگزین نے مضمون نہیں ہٹایا تو شاہی جوڑا میگزین کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کرے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں