کورونا وائرس سے صحتیاب ہونیوالے جے یو آئی ایف کے رہنما منیر اورکزئی انتقال کر گئے

منیر اورکرزئی 2018 کے انتخابات میں ایم ایم اے کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے—تصویر: جاوید حسین
منیر اورکرزئی 2018 کے انتخابات میں ایم ایم اے کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے—تصویر: جاوید حسین

صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما منیر خان اورکزئی حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کر گئے۔

منیر اورکزئی رکن قومی اسمبلی تھے اور سال 2018 کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے ٹکٹ پر ضلع کرم میں قومی اسمبلی کی نشست این اے-45 پر کامیاب ہوئے تھے۔

منیر اورکزئی اپریل کے اواخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے جس پر انہیں 24 اپریل کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کروایا گیا تھا جہاں سے صحتیاب ہونے کے بعد 7 مئی کو وہ ہسپتال سے ڈسچارج کردیے گئے تھے۔

یہ بھی دیکھیں:قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران منیر اورکزئی کی طبیعت خراب

بعدازاں 15 مئی کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے دوران ان کی طبیعت بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا تھا۔

ان کے اہلِ خانہ نے بھی اس بات کی تصدیق کہ وہ کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے تھے۔

منیر اورکزئی طویل عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور 2012 میں انہوں نے ہارٹ اٹیک کا سامنا بھی کیا تھا۔

اہل خانہ نے مزید بتایا کہ صبح سویرے جب انہیں نماز کے لیے جگایا گیا تو وفات پاچکے تھے جس پر انہیں چیک اپ کے لیے سول ہسپتال ٹل پہنچایا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں: کرن قومی اسمبلی منیر اورکزئی میں کورونا کی تصدیق

متوفی کی نماز جنازہ سہ پہر 3 بجےان کے آبائی گاؤں مندوری ضلع کرم میں ادا کی جائے گی۔

منیر اورکزئی کو 2011 میں ان کی پارلیمانی خدمات پر صدر پاکستان نے نشانِ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔

صدر مملکت عارف علوی نے جے یو آئی کے رہنما منیر اورکزئی کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

صدر پاکستان نے متوفی کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا بھی کی اور کہا کہ ان کی سیاسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بھی رکن قومی اسمبلی کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ اور مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔

علاوہ ازیں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قائد مولانا فضل الرحمٰن نے بھی منیر اورکزئی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات کیلئے دعائے مغفرت کی۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ منیر خان اورکزئی کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

جے یو آئی قائد کا مزید کہنا تھا کہ منیر خان اورکزئی نیک اور بہادر انسان تھے جنہوں نے ہمیشہ مظلوموں کے لیے آواز بلند کی ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی مکمل نہیں ہوسکتا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے بھی رکن قومی اسمبلی کے انتقال پرگہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

اپنے تعزیتی پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ مرحوم کی سماجی اور سیاسی خدمات ہمیشہ یار رکھی جائیں گی اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا طویل عرصے تک پر نہیں کیا جاسکے گا۔

پیغام میں انہوں نے دعا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت کرے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا کرے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی منیر اورکزئی کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا، تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے بھی مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر کی دعا کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں