محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے شہر میں آج بھی تیز آندھی کا امکان ظاہر کردیا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار فراز نے ڈان نیوز کو بتایا کہ بلوچستان کے علاقے اوتھل اور لسبیلہ میں تیز ہواؤں کا سسٹم بن رہا ہے جس کے اثرات کراچی پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں گردو غبار کے طوفان کے باعث املاک کو نقصان

انہوں نے بتایا کہ ’جس کے بعد شہر میں آج شام کے وقت ایک مرتبہ پھر گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے‘۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے گزشتہ روز ٹوئٹ میں بتایا گیا تھا کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم بتدریج بھارتی ریاست گجرات کی طرف رخ کرے گا۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے پاکستان کی ساحلی پٹی پر موجود مچھیروں کو خبردار کیا کہ وہ 4 جون تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شدید آندھی اور طوفان کی وجہ سے گرد و غبار کے بادل چھا گئے اور نصف سے زیادہ شہر کی بجلی غائب ہو گئی جبکہ مختلف حادثات میں 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

شہر قائد میں سورج ڈھلتے ہی تیز ہواؤں اور آندھی چلنے کے بعد شہر میں ہر سو اندھیرے اور گرد و غبار کے بادل چھا گئے تھے۔

اس ضمن میں محکمہ موسمیات کراچی کے سربراہ سردار سرفراز نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی کے شمال مغربی علاقے اور پورے بلوچستان میں ایک نظام کے زیر اثر تھا اور گرم اور مرطوب ہواؤں کے ساتھ مل کر اس مٹی کے طوفان نے جنم لیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ جیسا کہ عموماً مٹی کے طوفان کے نتیجے ہوتا ہے بالکل اسی طرح کراچی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی جبکہ اس کے نتیجے میں کچھ علاقوں میں رات میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں سال 2020 کی پہلی بارش، موسم خوشگوار

چیف میٹرو لوجسٹ نے واضح کیا تھا کہ یہ مٹی کا طوفان بھارت میں آنے والے سائیکلون نیسارگا کی وجہ سے نہیں آیا جو کراچی کے ساحلوں سے 750کلومیٹر دور سے گزر گیا۔

دوسری جانب سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر 9 میں مویشیوں کے باڑے میں آگ لگ گئی جسے بجھانے کے لیے فائر ٹینڈرز کی گاڑیاں موقع پر پہنچی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں