پاکستان میں مزید 3622 کورونا کیسز، مجموعی تعداد ایک لاکھ 91 ہزار سے زائد

پاکستان میں کورونا کیسز دن بدن بڑھتے جارہے ہیں—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کورونا کیسز دن بدن بڑھتے جارہے ہیں—فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر میں لاکھوں افراد و متاثر اور ہلاک کرنے والے نوول کورونا وائرس کے پاکستان میں بھی کیسز اور اموات بڑھ رہی ہیں اور اب تک ایک لاکھ 91 ہزار 22 لوگ اس سے متاثر جبکہ 3 ہزار 808 انتقال کر چکے ہیں۔

ملک میں 24 جون کو کورونا وائرس کے مزید 3622 نئے کیسز اور 78 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ تبدیل ہوتی جارہی ہے اور کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔

اسی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اپنائی ہے، جس میں وائرس سے متاثرہ علاقوں کو سیل کرکے وہاں نقل و حرکت کو محدود رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد وقت گزرنے کے ساتھ کیسز میں اضافہ ہوا اور اب یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ اموات کی تعداد بھی درجنوں میں ہے۔

26 فروری کو پہلے کیس سے لے کر مارچ کے آخر تک ملک میں مجموعی طور پر لگ بھگ 2 ہزار کے قریب کیسز اور 26 اموات تھیں، جو بعد ازاں اپریل میں 385 تک پہنچ گئیں جبکہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے بڑھ گئے۔

مئی کے مہینے میں صورتحال کافی تبدیل ہوئی کیسز کی تعداد میں 54 ہزار جبکہ اموات میں 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا، یوں مجموعی کیسز 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

رواں ماہ جون میں صورتحال بالکل ہی تبدیل ہوگئی اور گزشتہ 23 روز کے دوران ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد کیسز اور 2200 سے زیادہ اموات سامنے آچکی ہیں۔

آج (24 جون) کو بھی پاکستان میں نئے کیسز اور اموات رپورٹ ہوئیں۔

سندھ

آج صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 414 کیسز اور 39 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوراں 7 ہزار 400 نئے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 414 مثبت آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 74 ہزار 70 ہوگئی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 37 کورونا کے مریض انتقال کے بعد صوبے میں وبا سے اموات کی مجموعی تعداد ایک ہزار 161 ہوگئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1228 کیسز اور 21 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 228 افراد متاثر ہوئے جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 69 ہزار 536 ہوگئی۔

اس کے علاوہ صوبے میں مزید 21 اموات بھی ہوئیں، جس سے یہ تعداد1495 سے بڑھ کر 1516 تک پہنچ گئیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 264 نئے کیسز اور 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اعدا و شمار کے مطابق اسلام آباد میں سامنے آنے والے ان کیسز کے بعد مجموعی طور پر وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 219 سے بڑھ کر 11 ہزار 483 تک پہنچ گئی۔

مزید یہ کہ اسلام آباد میں مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 106 سے بڑھ کر 108 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 499 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 23 ہزار 887 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 14 افراد وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 869 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے مزید 183 افراد میں کورونا کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 9817 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد بلوچستان میں اموات کی تعداد 108 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 11 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس سے 11 لوگ متاثر ہوئے جس کے بعد وہاں مجموعی تعداد ایک ہزار 326 سے بڑھ کر ایک ہزار 337 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ ایک اور فرد وائرس سے انتقال کرگیا جس سے یہ تعداد 22 سے بڑھ کر 23 تک ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 23 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد لقمہ اجل بھی بن گیا۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 869 سے بڑھ کر 892 تک پہنچ گئی جبکہ اموات 22 سے بڑھ کر 23 ہوگئیں۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا اور 4 ہزار 283 افراد شفایاب ہوگئے۔

ملک بھر میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کا صحتیاب ہونا دیگر مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ان نئے مریضوں کے شفا پانے کے بعد اب تک مجموعی طور پر شفا پانے والوں کی تعداد 73 ہزار 471 سے بڑھ کر 77 ہزار 754 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 191022

اموات: 3808

صحتیاب: 77754

فعال کیسز: 109460

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 74 ہزار70 ہیں تو وہیں پنجاب میں 69 ہزار 536 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 23 ہزار 887 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 817 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں11 ہزار 483، گلگت بلتستان میں 1337 اور آزاد کشمیر 892 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1516

سندھ: 1161

خیبرپختونخوا: 869

بلوچستان: 108

اسلام آباد: 108

گلگت بلتستان: 23

آزاد کشمیر: 23


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک ایک لاکھ 80 سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی جبکہ اب تک مجموعی اموات 3700 سے بڑھ گئی ہیں۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں