ہواوے کی ذیلی کمپنی آنر نے 2 نئے 5 جی اسمارٹ فونز ایکس 10 میکس فائیو جی اور آنر 30 لائٹ متعارف کرادیئے ہیں۔

درحقیقت یہ دونوں سستے ترین 5 جی فونز ہیں جو سب سے پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیے جارہے ہیں۔

ایکس 10 میکس فائیو جی

فوٹو بشکریہ آنر
فوٹو بشکریہ آنر

یہ فون بہت بڑے ڈسپلے کے ساتھ ہے۔

اس میں 7.09 انچ کا آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے واٹر ڈراپ نوچ کے ساتھ دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطالبق ڈسپلے میں ایک آر جی بی ڈبلیو میٹرکس استعمال کیا گیا جو برائٹنس کو روایتی ایل سی ڈیز کے مقابلے میں بہتر بناتا ہے۔

یہ فون مارکیٹ میں دستیاب چند بڑے اسمارٹ فونز میں سے ایک ہے جس کا وزن بھی 232 گرام ہے۔

کمپنی کے خیال میں اس فون کو گاڑی میں پورٹ ایبل انفوٹینمنٹ سسٹم کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، کیونکہ اس میں ڈوئل اسپیکرز کی موجودگی ہے۔

اس میں میڈیا ٹیک ڈیمنسیٹی 800 فائیو جی پراسیسر دیا گیا ہے جس کے ساتھ 6 سے 8 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

اس کے بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ پے جس میں مین کیمرا 48 میگاپکسل کا ہے جبکہ 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر اور ایک ایل ای ڈی فلیش دی گئی ہے۔

فوٹو بشکریہ آنر
فوٹو بشکریہ آنر

فون کے فرنٹ پر 8 میگاپکسل کیمرا ہے، جبکہ 5000 ایم اے ایچ بیٹری 22.5 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے۔

اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے میجک یوزر انٹرفیس سے کیا ہے جبکہ امریکی پابندیوں کے باعث گوگل ایپس اور سروسز اس فون کا حصہ نہیں۔

آنر 30 لائٹ

فوٹو بشکریہ آنر
فوٹو بشکریہ آنر

اس فون میں 6.5 انچ ایل سی ڈی ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

میڈیا ٹیک ڈیمنسیٹی 800 فائیو جی پراسیس، 6 سے 8 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

اینڈرائیڈ 10 کا امتزاج میجک یو آئی 3.1 سے کیا گیا ہے اور یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ اس میں بھی گوگل سروسز موجود نہیں۔

فون میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری 22.5 فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ 30 منٹ میں 53 فیصد بیٹری چارج کی جاسکتی ہے۔

فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے جس میں 48 میگا پکسل مین کیمرا، 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرا شامل ہے، جبکہ 16 میگاپکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ آنر
فوٹو بشکریہ آنر

ایکس 10 میکس رواں ہفتے چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کا 6 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا فون 1899 چینی یوآن (45 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 2099 یوآن (لگ بھگ 50 ہزار پاکستانی روپے) جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 2499 یوآن (59 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

اس کے مقابلے میں آنر 30 لائٹ کا 6 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1700 یوآن (40 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 1900 یوآن (45 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں 8 جولائی سے دستیاب ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں