ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہری زخمی

05 جولائ 2020
پاک فوج نے دشمن کو مؤثر جواب دیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاک فوج نے دشمن کو مؤثر جواب دیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوگیا جبکہ پاک فوج نے جوابی کارروائی میں دشمن کو مؤثر جواب دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے ساتھ بٹل سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کرکے شہری آبادی کو مارٹر اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ شب ہونے والی اس بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک 22 سالہ شہری زخمی ہوگیا۔

مزید پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال شیلنگ سے نوجوان شہید

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی کا مؤثر جواب دیا گیا۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور آئے روز آزاد کشمیر میں ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے۔

30 جولائی کی شب بھی بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ سے ایک نوجوان شہید ہوگیا تھا۔

جس کے بعد اس سال بھارتی فائرنگ سے ہونے والی اموات کی تعداد 14 ہو گئی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے یہ بتایا گیا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے ساتھ لیپا سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا اور آرٹلری، مارٹر اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

اس سے قبل 25 جون کو ایل او سی کے کریلا سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئی تھیں۔

خیال رہے کہ 16 جون کو بھارتی فوج نے ایل او سی سے ملحق بگسر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کرک شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس میں ایک شہری زخمی ہو گیا تھا۔

مزید یہ کہ بھارتی فوج نے 12 جون کو بھی آزاد جموں و کشمیر کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں بزرگ خاتون جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے خاتون زخمی

علاوہ ازیں آزاد جموں کشمیر کے سیکریٹری شہری دفاع اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ سید شاہد محی الدین قادری نے بتایا تھا کہ رواں سال بلا اشتعال فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ دشمن کی گولہ باری سے 25 مکانات اور آٹھ دکانیں بھی تباہ بھی ہو چکی ہیں اور 227 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ اس کے علاوہ 87 مویشیوں کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال بھارت کی جانب سے ایک ہزار 546 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں