جانسن اینڈ جانسن پر دنیا بھر میں بچوں کے پاؤڈر کی فروخت روکنے کیلئے دباؤ

اپ ڈیٹ 09 جولائ 2020
کمپنی شمالی امریکا سے اپنا مال بھی واپس منگوائے، گروپس — فائل فوٹو / رائٹرز
کمپنی شمالی امریکا سے اپنا مال بھی واپس منگوائے، گروپس — فائل فوٹو / رائٹرز

دنیا کے 170 سے زائد غیر منافع بخش گروپس نے بچوں کی جلد کی مصنوعات، میڈیکل ڈیوائسز اور ادویات تیار کرنے والی امریکا کی ملٹی نیشنل کمپنی ’جانسن اینڈ جانسن‘ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں اپنے پاؤڈر کی فروخت بند کردے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق ایڈووکیسی گروپ 'بلیک ویمن فار ویلنیس' کا کہنا ہے کہ ان گروپوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کمپنی کے اس پاؤڈر میں کینسر کی وجہ بننے والا ایسبیسٹوس شامل ہے۔

ایموری یونیورسٹی جیسے تعلیمی اداروں اور گرین پیس جیسے سماجی گروپوں کے علاوہ دیگر گروپوں نے کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ شمالی امریکا سے اپنا مال بھی واپس منگوائے۔

بلیک ویمن فار ویلنیس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر جینٹ روبنسن فِلنٹ نے کہا کہ جانسن اینڈ جانسن کا بین الاقوامی مارکیٹوں میں بچوں کے پاؤڈر کی مارکیٹنگ کرنے کا انتخاب، جس میں اکثر سیاہ اور گندمی رنگت والے صارفین ہوتے ہیں، اس کے جون میں نسلی عدم مساوات کے خلاف لڑائی کے عزم سے متضاد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جانسن اینڈ جانسن نے امریکا و کینیڈا میں پاؤڈر کی فروخت بند کردی

یاد رہے کہ مئی میں ملٹی نیشنل کمپنی نے اپنے اوپر ہزاروں کیسز کیے جانے اور الزامات کے بعد امریکا اور کینیڈا میں اپنے پاؤڈر کی فروخت کو بند کردیا تھا۔

جانسن اینڈ جانسن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بچوں کے پاؤڈر کے حوالے سے انتہائی غلط معلومات پھیلنے اور پاؤڈر کی مانگ میں واضح کمی کے بعد کمپنی یہ فیصلہ کرنے پر مجبور ہوئی۔

تاہم اس کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کی دیگر مارکیٹوں میں اپنی اشیا کی فروخت جاری رکھے گی۔

اپنے حالیہ بیان میں جانسن اینڈ جانسن نے کہا کہ 'طبی ماہرین کی دہائیوں کے آزادانہ سائنسی مطالعات کمپنی کے پاؤڈر کے محفوظ ہونے کی حمایت کرتے ہیں۔'

انہوں نے کہا کہ 'ہم دنیا کے ان دیگر خطوں میں اپنے پاؤڈر کی فروخت جاری رکھیں گے جہاں اس کی اچھی مانگ ہے۔'

مزید پڑھیں: جانسن اینڈ جانسن پر مرد کے ’بریسٹ‘ بڑھانے کا الزام، 13 کھرب روپے جرمانہ

واضح رہے کہ جانسن اینڈ جانسن پر امریکا کی تقریباً تمام ہی ریاستوں کی عدالتوں میں 19 ہزار سے زائد مقدمات زیر التوا ہیں جن میں کمپنی کی دیگر مصنوعات سمیت ان کے پاؤڈر کے حوالے سے سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔

کمپنی پر الزام ہے کہ ان کا پاوڈر بچوں میں جلد کے کینسر سمیت دیگر سنگین بیماریوں کا باعث بنتا ہے اور کمپنی کے پاوڈر استعمال کرنے سے متعدد بچے ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

کمپنی پر الزام ہے کہ اس کے بچوں کے پاؤڈر میں زہریلے اور مضر صحت کیمیکل پائے جاتے ہیں جو طبی مسئلے مسرطن (carcinogen) کا باعث بنتے ہیں، جس سے کینسر ہوتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں