'پیچھے تو دیکھو' سے شہرت حاصل کرنے والا بچہ پاکستان کا کم عمر یوٹیوب اسٹار

اپ ڈیٹ 10 جولائ 2020
احمد شاہ کے یوٹیوب پر 14 لاکھ تک سبسکرائبرز ہیں—اسکرین شاٹ یوٹیوب
احمد شاہ کے یوٹیوب پر 14 لاکھ تک سبسکرائبرز ہیں—اسکرین شاٹ یوٹیوب

سوشل میڈیا پر 'پیچھے تو دیکھو' جیسے ڈائلاگ سے شہرت حاصل کرنے والے کم عمر بچے احمد شاہ کو ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے سلور اور گولڈ پلے بٹن سے نواز دیا۔

یوٹیوب اپنے معروف مواد تیار کرنے والے افراد کو مختلف قسم کے پلے بٹن کے اعزاز سے نوازتا ہے۔

یوٹیوب پلے بٹنز، یوٹیوب کرئیٹر ریوارڈ کا ایک حصہ ہوتے ہیں جو اس بات کا اعتراف بھی ہیں کہ مذکورہ بٹن حاصل کرنے والا یوٹیوب چینل کافی مشہور ہے۔

یوٹیوب کی جانب سے یہ اعزاز چینل کے سبسکرائبر کی تعداد پر انحصار کرتا ہے لیکن یہ یوٹیوب کا صوابدیدی اختیار ہے کہ وہ کسے اس ایوارڈ سے نوازے۔

یہ بھی پڑھیں: ’راولپنڈی ایکسپریس‘ شعیب اختر کے لیے یوٹیوب کا اعزاز

اس سلسلے میں ایوارڈ دینے سے قبل چینل کا باقاعدہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ چینل نے یوٹیوب کمیونٹی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کیا یا نہیں، اسی طرح یوٹیوب یہ اختیار بھی رکھتا ہے کہ وہ کسی بھی کرئیٹر کے ریوارڈ سے انکار کردے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

یوٹیوب کی جانب سے اس پلے بٹن کے مجموعی طور پر 4 کٹیگری سلور، گولڈن، ڈائمنڈ اور کسٹم پلے بٹن شامل ہیں۔

سلور پلے بٹن چینل بنانے والے کو اس وقت دیا جاتا ہے جب کوئی چینل ایک لاکھ سبسکرائبر کی حد کو عبور کرتا ہے۔

اسی طرح گولڈن پلے بٹن اس وقت دیا جاتا ہے جب یوٹیوب پر چینل کے سبسکرائبرز کی حد 10 لاکھ سے تجاوز کرجائے۔

اور احمد شاہ کے چینل پر سبسکرائبرز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جس وجہ سے انہیں بیک وقت سلور اور گولڈن پلے بٹن سے نوازا گیا۔

احمد شاہ نے سلور اور گولڈن پلے بٹن ملنے پر یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ویڈیو میں احمد شاہ اپنے دیگر بھائیوں اور اہل خانہ کے ہمراہ دکھائی دیے۔

احمد شاہ نے سلور اور گولڈن پلے بٹن ملنے پر انسٹاگرام پر پوسٹ بھی کی اور بتایا کہ یوٹیوب کی جانب سے اعزاز حاصل کرنے والے وہ ملک کے کم عمر ترین شخص بن گئے۔

مزید پڑھیں: یوٹیوب کا مولانا طارق جمیل کیلئے اعزاز

احمد شاہ کو یوٹیوب کی جانب سے مذکورہ اعزاز محض 5 سال کی عمر میں دیا گیا۔

احمد شاہ نے 2019 کے آغاز میں سوشل میڈیا پر اس وقت شہرت حاصل کی تھی جب انہیں کچھ مزاحیہ ویڈیوز میں 'پیچھے تو دیکھو' جیسے ڈائلاگ بولتے ہوئے دیکھا گیا۔

مذکورہ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد احمد شاہ کو متعدد مارننگ شوز اور گیم شوز میں بلایا گیا اور انتہائی کم عمری میں انہیں کئی کئی گھنٹے ٹی وی سیٹ پر بٹھایا گیا اور ان کے ساتھ مذاق کیا جاتا رہا، جس پر لوگوں نے مارننگ شوز اور گیم شوز کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

مارننگ شوز میں شہرت حاصل کرنے کے بعد احمد شاہ نے اپنا یوٹیوب چینل کھولا، جس پر انہوں نے 100 کے قریب ویڈیوز اپ لوڈ کی ہیں اور انہیں لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں