جنوبی افریقہ میں چرچ پر حملہ، 5 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 11 جولائ 2020
پولیس نے مسلح افراد کے قبضے سے یرحغمال افراد کو بازیاب کرا لیا— تصویر بشکریہ جنوبی افریقہ پولیس
پولیس نے مسلح افراد کے قبضے سے یرحغمال افراد کو بازیاب کرا لیا— تصویر بشکریہ جنوبی افریقہ پولیس

جنوبی افریقہ میں چرچ پر حملے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ آوروں نے چند افراد کو یرغمال بنا لیا جنہیں بعد میں رہا کرا لیا گیا۔

پولیس ترجمان وشنو نائیڈو نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زوربیکوم میں پینٹے کوسٹ ہولی نیس چرچ پر حملہ کرنے والے 40 افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور رائفلز، شوٹ گن سمیت بڑی تعداد میں اسلحے کو قبضے میں لے لیا ہے۔

مزید پڑھیں: وسطی افریقہ میں 13 جنوبی افریقی فوجی ہلاک

پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ 4 افراد گاڑی میں گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے جبکہ دوسری گاڑی میں ایک سیکیورٹی گارڈ گولی لگنے سے مارا گیا، 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پولیس نے مرد، خواتین اور بچوں کو بچا لیا جنہیں مسلح افراد نے یرغمال بنا لیا تھا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنے افراد کو بازیاب کرایا گیا۔

نیشنل پولیس کمشنر نے کہا کہ پولیس نے فوری کارروائی کر کے حملے کو ناکام بنا دیا ورنہ یہ انتہائی خطرناک خونی معرکہ ہو سکتا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ گرفتار کیے گئے افراد میں پولیس اور دفاعی افواج کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ: ایسٹر کی عبادت کے آغاز پر چرچ میں حادثہ، 13 افراد ہلاک

پولیس نے اس سے قبل ٹوئٹر پر ضبط کیے گئے اسلحے کی تصاویر لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فائرنگ اور یرغمالی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملے کے ممکنہ محرکات چرچ میں دو مخالف گروپوں کے درمیان تنازع ہو سکتا ہے۔

نائیڈو نے کہا کہ پوری صورتحال انتہائی خراب ہے لہٰذا ہم نے ان تمام افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن پر ہمیں شک ہے، ہم انٹرویو اور تفتیش کر رہے ہیں تاکہ واردات کے محرکات کو جان سکیں۔

تبصرے (0) بند ہیں