سسر اور شوہر کے بعد ایشوریا رائے بھی کورونا کا شکار

اپ ڈیٹ 12 جولائ 2020
ابھیشیک کے بعد ان کی اہلیہ اور بیٹی میں بھی کورونا کی تشخیص ہوگئی—فائل فوٹو: رائٹرز
ابھیشیک کے بعد ان کی اہلیہ اور بیٹی میں بھی کورونا کی تشخیص ہوگئی—فائل فوٹو: رائٹرز

بولی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن نے 11 جولائی کو اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی تھی کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

اداکار نے بتایا تھا کہ مثبت ٹیسٹ کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ ان کے اہل خانہ اور ان کے قریب رہنے والے ملازمین کے ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں جن کے نتائج آنا باقی ہیں۔

امیتابھ بچن کو ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد یہ خبریں بھی تھیں کہ ان کی طبیعت بگڑ گئی، مگر ہسپتال اور اداکار کے قریبی ذرائع نے ایسی افواہوں کو مسترد کردیا تھا۔

امیتابھ بچن کے بعد ان کے بیٹے اداکار ابھیشیک بچن نے بھی اپنی ٹوئٹ کے ذریعے تصدیق کی تھی کہ ان میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ان میں اور ان کے والد امیتابھ بچن میں کورونا کی درمیانی علامات تھیں اور دونوں نے خود کو ہسپتال منتقل کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن میں کووڈ 19 کی تشخیص، ہسپتال منتقل

اداکارہ نے اپنی قریب رہنے والے دیگر افراد سے بھی درخواست کی تھی کہ وہ بھی اپنا ٹیسٹ کروالیں۔

امیتابھ اور ابھیشیک بچن میں کورونا کی تصدیق کے ایک دن بعد 12 جولائی کو ایشوریا رائے سمیت بچن خاندان کے دیگر افراد کے کورونا ٹیسٹ بھی آئے، جن میں سے 2 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

انڈیا ٹوڈےکے مطابق بدقسمتی سے ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی ارادھیا بچن کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خوش قمستی سے امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا.

ایشوریا رائے نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
ایشوریا رائے نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

خبر رساں ادارے رائٹرز نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی ارادھیا میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے یا انہیں گھر میں ہی قرنطینہ کیا گیا ہے۔

تاہم انڈیا ٹوڈے نے بتایا کہ ایشوریا اور ان کی بیٹی میں کورونا کی کم علامات ہونے کی وجہ سے انہیں گھر میں ہی قرنطینہ کردیا گیا۔

انوپم کھیر کے اہل خانہ بھی کورونا کا شکار

بچن خاندان کی طرح بولی وڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر کے اہل خانہ میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق انوپم کھیر نے اپنی ویڈیو میں تصدیق کی کہ ان کی والدہ، بھائی، بھابھی اور بھتیجی میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اداکار نے تصدیق کی کہ ان کے اپنے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

اداکار نے ویڈیو میں بتایا کہ خوش قسمتی سے ان کے ایک بھیتیجے بھی کورونا سے محفوظ ہیں۔

انوپم کھیر کے مطابق انہوں نے والدہ کو ہسپتال داخل کرادیا ہے جب کہ بھائی، بھابھی اور بھتیجی کو گھر میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

ریکھا کے گھر کو سیل کردیا گیا

ریکھا کے چوکیدار میں کورونا کی تشخیص کے بعد ان کے گھر کو سیل کردیا گیا—فائل فوٹو: فیس بک
ریکھا کے چوکیدار میں کورونا کی تشخیص کے بعد ان کے گھر کو سیل کردیا گیا—فائل فوٹو: فیس بک

بولی وڈ کی لیجنڈ اداکارہ ریکھا کے گھر کے سیکیورٹی گارڈ میں کورونا کی تشخیص کے بعد ان کے گھر کو ہی سیل کردیا گیا۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق اداکارہ کے گھر کا چوکیدار میں کورونا کی تشخیص کے بعد ممبئی انتظامیہ نے اداکارہ کے گھر کو سیل کرکے اسے ڈس انفیکٹ کرنا شروع کردیا۔

عامر خان کے ملازمین میں کورونا کی تشخیص

بولی وڈ اسٹار عامر خان نے 10 دن قبل اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کے کچھ ملازمین میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ملازمین میں کورونا کی تشخیص کے بعد اداکار نے اہل خانہ سمیت کورونا کا ٹیسٹ کروایا تھا، تاہم خوش قسمتی سے اداکار کے تمام اہل خانہ کے ٹیسٹ منفی آئے۔

ان سے قبل بولی وڈ کی چند دیگر شخصیات میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی تاہم اب وہ کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

معروف اداکار کرن کھیر میں بھی رواں برس 14 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ محض 10 دن قرنطینہ میں رہنے کے بعد 24 مئی کو صحت یاب ہوگئے تھے۔

ان سے قبل اداکارہ زویا مورانی میں بھی مئی میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ بھی 2 ہفتوں تک قرنطینہ میں رہنے کے بعد صحت یاب ہوگئی تھیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی گلوکارہ کنیکا کپور کورونا وائرس سے صحت یاب

ان سے قبل بولی وڈ کے پروڈیوسر کریم مورانی بھی کورونا کا شکار ہوئے تھے، تاہم وہ بھی 2 ہفتے قرنطینہ میں رہنے کے بعد صحت یاب ہوگئے تھے۔

اسی طرح گلوکارہ وہ اداکارہ کنیکا کپور میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور ان پر تو حکام نے کورونا سے متعلق معلومات خفیہ رکھنے پر مقدمہ بھی دائر کیا تھا۔

کنیکا کپور بھی 2 ہفتوں بعد صحت یاب ہوگئی تھیں جب کہ حال ہی میں گردے فیل ہونے کے باعث چل بسنے والے موسیقار واجد خان میں بھی کورونا کی علامات پائی گئی تھیں۔

کنیکا کپور میں اپریل میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
کنیکا کپور میں اپریل میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں