کراچی: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی پولیس کانسٹیبل جاں بحق

اپ ڈیٹ 13 جولائ 2020
پولیس نے اہلکار کے قتل کی تفتیش کا آغاز کردیا — فائل فوٹو/اے ایف پی
پولیس نے اہلکار کے قتل کی تفتیش کا آغاز کردیا — فائل فوٹو/اے ایف پی

کراچی کے علاقے کورنگی میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ جناح ہسپتال میں زیر علاج 35 سالہ ہیڈ کانسٹیبل اصغر جانبر نہ ہو سکا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا

انہوں نے بتایا کہ ہیڈ کانسٹیبل اصغر موٹرسائیکل پر ڈیوٹی دینے کے لیے جارہا تھا کہ دو مسلح موٹرسائیکل سواروں نے کورنگی نمبر 5 کے قریب اہلکار کو نشانہ بنایا۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ جس وقت ملزمان نے ہیڈ کانسٹیبل اصغر کو نشانہ بنایا وہ باوردی تھے اور ملزمان حملے کے بعد فرار ہوگئے جبکہ سرکاری پستول بھی ساتھ لے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ اصغر کو زخمی حالات میں جناح پوسٹ گریجوٹ میڈیکل سینٹر پہنچایا گیا۔

اس ضمن میں جے پی ایم سی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا کہ اصغر کے پیٹ اور سینے میں گولیاں لگی تھیں جنہیں فوری طور پر آپریشن تھیٹر منتقل کردیا گیا تھا۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ مشتبہ دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والا ہیڈ کانسٹیبل اصغر زمان ٹاؤن پولیس میں تعینات تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کراچی غلام نبی میمن نے جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جون میں بھی موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے ڈیوٹی پر جانے والے 2 پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں دونوں جان کی بازی ہار گئے تھے۔

واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے مصروف ترین علاقے نوری چوک کے قریب پیش آیا تھا جب احمد علی اور اللہ دتہ نامی پولیس اہلکار ڈیوٹی پر جارہے تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی: پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق

اپریل 2019 میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ملزمان نے راہگیروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور شہری جاں بحق ہو گیا تھا۔

جاں بحق پولیس اہلکار کی شناخت 35 سالہ خالد محمود کے نام سے ہوئی تھی جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق شہری اللہ دتہ کی عمر 28 سال تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں