اوپو کی جانب سے حالیہ برسوں میں فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجیز پر بہت زیادہ کام کیا گیا ہے اور اس میدان میں دیگر کمپنیوں پر اسے سبقت حاصل ہے۔

اب یہ چینی کمپنی دنیا کی تیز ترین چارجنگ ٹیکنالوجی متعارف کرانے والی ہے۔

ابھی کسی فون میں سب سے فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی 65 واٹ کی ہے مگر اوپو کی جانب سے 15 جولائی کو جو ٹیکنالوجی متعارف کرائے جانے کا عندیہ دیا گیا ہے وہ 125 واٹ سپر فلیش چارج ہوگی۔

جی ہاں واقعی 125 واٹ پاور سے بیٹری کو چارج کرنا ممکن ہونے والا ہے۔

چین میں بدھ کو اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر کمپنی کی جانب سے ٹیکنالوجی کی اندرونی ساخت، کولنگ اور دیگر پہلوؤں کے بارے میں وضاحت کی جائے گی۔

خیال رہے کہ 65 واٹ فاسٹ چارجنگ سے اوپو رینو ایس کی 4000 ایم اے ایچ بیٹری 10 منٹ میں 48 فیصد تک چارج ہوجاتی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں آئی فون 11 پرو، جس میں بھی 4000 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے، میں ایپل کی جانب سے جو چارجر دیا جاتا ہے، وہ 10 منٹ میں صرف 13 فیصد بیٹری چارج کرتا ہے۔

یہاں تک کہ دیگر کمپنیوں جیسے سام سنگ، شیاؤمی اور ہواوے سمیت دیگر بھی فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی میں اوپو کی 65 واٹ اسپیڈ سے پیچھے ہیں۔

دیگر کمپنیوں کے مقابلے میں اوپو کی اس ٹیکنالوجی کے پیچھے چھپا راز والٹیج کو ترجیح دینے کی بجائے کرنٹ پر توجہ دینا ہے، جو کسی سرکٹ پوائنٹ میں برقی بہاؤ کی شرح پر مبنی ہوتا ہے۔

125 واٹ فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی کسی فون کو کتنی تیزی سے چارج کرے گی یہ تو 15 جولائی کو ہی واضح ہوگا مگر ایسا خیال کیا جارہا ہے کہ اس کی مدد سے فون کی بیٹری صرف 15 منٹ کے اندر صفر سے سوفیصد تک چارج ہوسکے گی۔

فی الحال یہ ٹیکنالوجی فوری طور پر کسی فون کے ساتھ دیئے جانے کا امکان نہیں بلکہ اسے کانسیپٹ ٹیکنالوجی کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

تاہم یہ رواں سال کے آخر یا 2021 میں کمپنی کے کسی فلیگ شپ فون کا حصہ بن سکتی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ سال ویوو نے سپرفلیش چارج 120 واٹ نامی تیز ترین چارجنگ ٹیکنالوجی متعارف کرائی تھی۔

یہ ٹیکنالوجی تاحال کمرشل فونز کا حصہ نہیں بن سکی مگر اس موقع پر کمپنی کا کہنا تھا کہ اس کی مدد سے 4000 ایم اے ایچ بیٹری کو 13 منٹ میں مکمل چارج کیا جاسکے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں