متعدد کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر شدید دباؤ کا شکار تھے، وسیم خان

اپ ڈیٹ 06 اگست 2020
وسیم خان نے اعتراف کیا کہ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے پر بورڈ شدید دباؤ کا شکار تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
وسیم خان نے اعتراف کیا کہ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے پر بورڈ شدید دباؤ کا شکار تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اعتراف کیا ہے کہ 10 کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بورڈ شدید دباؤ کا شکار تھا۔

دورہ انگلینڈ سے قبل پروٹوکول کے تحت قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے تھے تو 10 کھلاڑیوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: سہیل خان کی پھر تباہ کن باؤلنگ، ٹیم منیجمنٹ کو امتحان میں ڈال دیا

جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے ان میں محمد حفیظ، شاداب خان، حیدر علی، حارث رؤف، فخر زمان، محمد رضوان، وہاب ریاض، عمران خان، حمد حسنین اور کاشف بھٹی شامل تھے۔

ان میں سے چند کھلاڑی دوسرے مرحلے میں کلیئر ہو گئے تھے اور انہوں نے انگلینڈ میں اسکواڈ کو جوائن کر لیا تھا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ جب کئی کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے تو بورڈ شدید دباؤ کا شکار تھا کیونکہ ایسے میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران ٹیم کو انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ انتہائی مشکل تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی پی ایل 2020 متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے شروع ہوگی

انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم نے اپنے دورے کے منصوبے کو برقرار رکھا کیونکہ ہم بین الاقومی کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔

وسیم خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ کرکٹ کو چلنا ہو گا۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو ویسٹ انڈیز کے فیصلے سے بھی تقویت ملی جنہوں نے غیریقینی صورتحال کے باوجود انگلینڈ کے دورے کا فیصلہ کیا کیونکہ انہیں بھی اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز نے اس وقت دورہ انگلینڈ کا فیصلہ کیا تھا جب وہاں کورونا وائرس کی صورتحال انتہائی خراب تھی لیکن اس کے باوجود انہوں نے شیڈول کے مطابق سیریز کھیلنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

مزید پڑھیں: سرفراز کا فین ہوں، ان کی موجودگی میں دباؤ محسوس نہیں کر رہا، رضوان

پاکستانی ٹیم ان دنوں انگلینڈ میں موجود ہے اور قومی ٹیم کے اسکواڈ کے مابین وارم اپ میچز کھیلے جا رہے ہیں۔

قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں تین ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچز کھیلے گی اور سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 5 اگست سے مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں