پاکستان میں کورونا کیسز 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد، 2 لاکھ 48 ہزار 873 صحتیاب

اپ ڈیٹ 03 اگست 2020
پاکستان میں کیسز میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں کیسز میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور عید کے موقع پر کیسز کی تعداد میں کمی نے مستقبل کے لیے امید کی کرن پیدا کردی ہے۔

ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 281 ہوگئی ہے جس میں سے 5 ہزار 992 انتقال کرگئے ہیں جبکہ 2 لاکھ 48 ہزار 873 صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

آج (3 اگست) کی شام تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 424 کیسز اور 15 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 296 افراد شفایاب بھی ہوگئے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس چھٹے ماہ میں داخل ہوچکا ہے اور گزشتہ 5 ماہ کے دوران اس کے کیسز میں پہلے بتدریج اضافہ اور اب کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔

ملک میں کیسز میں کمی کی ایک وجہ ٹیسٹ کی تعداد میں کمی بھی ہے تاہم حکومتی عہدیداران اسے حکومتی حکمت عملی کی کامیابی قرار دیتے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد ملک بھر سے کیسز کے آنے کا سلسلہ شروع ہوا۔

اگرچہ ابتدا میں کیسز کی تعداد کم تھی تاہم مئی اور جون کے مہینے ملک میں وبا کی بلندی کے ماہ ثابت ہوئے جبکہ جولائی کے ماہ میں یومیہ صورتحال کچھ بہتر ہوتی نظر آئی۔

ماہ اگست کا آغاز چونکہ عیدالاضحیٰ سے ہوا تو گزشتہ 2 روز میں کیسز کی کافی کم تعداد سامنے آئی۔

آج (3 اگست) کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کے بعد مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 219 نئے کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار 705 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 2 افراد کا انتقال بھی ہوا جس کے بعد یہ تعداد 2 ہزار 226 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 نئے کیسز اور 4 اموات رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے 24 کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 93 ہزار 197 ہوگئی۔

اس کے علاوہ مزید 4 افراد کے لقمہ اجل بننے سے مجموعی اموات 2 ہزار 148 تک پہنچ گئیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 30 افراد متاثر ہوئے اور 6 اموات کی بھی تصدیق ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز 7 اپریل کے بعد کم تعداد رپورٹ ہوئی ہے جبکہ 7 اپریل کو 27 کیسز سامنے آئے تھے۔

خیبرپختونخوا میں اب تک کیسز کی مجموعی تعداد 34 ہزار 253 جبکہ اموات کی تعداد ایک ہزار 208 ہوچکی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں 246 ٹیسٹ کیے گئے اور 3 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

بلوچستان میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 11 ہزار 777 ہے جبکہ اموات کی تعداد 136 ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 24 افراد کو متاثر کیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز 15 ہزار 76 تک پہنچ گئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 23 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان 23 نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی تعدا 2 ہزار 180 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

کورونا وائرس سے ملک میں سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 7 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں ان نئے 7 کیسز کےبعد مجموعی تعداد 2 ہزار 93 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ وہاں ایک اور فرد کے انتقال کرنے سے اموات 54 ہوگئیں۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی 88 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 296 مریض شفایاب ہوگئے۔

یوں اب تک ملک بھر میں اس عالمی وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار 873 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا 88 فیصد سے زائد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 280281

اموات: 5992

صحتیاب: 248873

فعال کیسز: 25391

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 21 ہزار 705 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 93 ہزار 197 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 253 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 777 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار76، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 93 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 180 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2226

پنجاب: 2148

خیبرپختونخوا: 1208

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 165

گلگت بلتستان: 55

آزاد کشمیر: 54


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 5 ہزار 900 سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں