ڈیٹا کے تحفظ کے لیے گوگل فائلز میں ’سیف فولڈر‘ متعارف

اپ ڈیٹ 07 اگست 2020
سیف فولڈر پاس ورڈ کے ذریعے کام کرے گا —اسکرین شاٹ گوگل فائلز
سیف فولڈر پاس ورڈ کے ذریعے کام کرے گا —اسکرین شاٹ گوگل فائلز

گوگل نے اپنی (Files) فائلز ایپ میں ’Safe Folder’ ’سیف فولڈر‘ کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کی مدد سے فائلز صارفین اپنے ڈیٹا کو مزید محفوظ کر سکیں گے۔

فائلز ایپ کے اس وقت دنیا بھر میں 15 کروڑ سے زیادہ استعمال کنندگان ہیں اور دسمبر 2017 میں متعارف کرائے جانے کے وقت سے اب تک اس فائلز میں صارفین کی ایک کھرب فائلوں کو حذف کیا جا چکا ہے۔

گوگل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شروع میں ’سیف فولڈر‘ کا فیچر 20 لاکھ استعمال کنندگان کو دستیاب ہوگا اور پھر آئندہ چند ہفتوں کے دوران بتدریج اس فیچر کو دوسرے صارفین کے لیے بھی متعارف کرائے جائے گا۔

’سیف فولڈر‘ فیچر کو چار اعداد پر مشتمل PIN کوڈ کی مدد سے استعمال کیا جا سکے گا، جو لوگوں کو باآسانی اپنی اہم دستاویزات، تصاویر، ویڈیوز اور آڈیو فائلز اسٹور کرنے کے قابل بناتا ہے اور صارفین کی ذاتی فائلز کو دیگر افراد کے ذریعے کھولنے یا ان تک رسائی سے بھی ایپ کو محفوظ رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل کے چند فیچرز صارفین کے لیے مفت فراہم کرنے کا اعلان

گوگل کے مطابق یہ فیچر استعمال کنندگان کو اپنے روابط کے اسکرین شاٹ یا اسکرین ریکارڈنگ لینے سے بھی باز رکھتا ہے، جیسے ہی صارف ایپ سے باہر جائے گا ایپ فوری طور پر لاک ہو جائے گی اور دوبارہ داخلے کی صورت میں ایک مرتبہ پھر پن کوڈ دیا جائے گا۔

فائلز کو ابتدا میں ایسے لوگوں کے لیے تخلیق کیا گیا تھا جن کے فون میں اسٹوریج کی گنجائش کم ہو اور ایسے افراد کی اکثریت پاکستان، بھارت، نائجیریا اور برازیل جیسے ممالک میں رہتی ہے، سیف فولڈر فیچر ان ممالک کے لوگوں کے لیے بھی تخلیق کیا گیا ہے جو وقتاً بوقتاً اپنی ڈیوائس دوستوں اور گھر کے افرادکو استعمال کے لیے دیتے رہتے ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں گوگل نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کو گوگل ون کلاؤڈ اسٹوریج کے کچھ فیچرز تک مفت رسائی بھی دی تھی۔

مزید پڑھیں: گوگل کی اہم ترین ویڈیو سروس اب آپ مفت استعمال کرسکتے ہیں

اس فیچر میں 15 جی بی اسٹوریج گوگل اکاؤنٹس کے ذریعے صارفین کو ملتی ہے تو فون کے خراب ہونے یا گم ہونے پر بھی تمام تفصیلات کلاؤڈ سروس میں محفوظ رہتی ہے۔

آسان الفاظ میں صارفین کو گوگل کی جانب سے اس سروس کے تحت 15 جی بی اسٹوریج مفت دی گئی تھی۔

علاوہ ازیں حال ہی میں گوگل نے اپنی ویڈیو کالنگ ایپ گوگل میٹ کو بھی صارفین کے لیے مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اب گوگل میٹ کو وہ تمام افراد مفت استعمال کرسکیں گے جن کا جی میل اکاؤنٹ ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں