آئندہ تھری پیس سوٹ ورنہ گھاگھرا پہن کر سوئمنگ کروں گا، وسیم اکرم

19 ستمبر 2020
وسیم اکرم نے  سوشل میڈیا پر جاری اپنی ایک ویڈیو  پر تنقید کرنے والوں کو بزدل قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام
وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر جاری اپنی ایک ویڈیو پر تنقید کرنے والوں کو بزدل قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام

سابق کرکٹ لیجنڈ وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو پر تنقید کرنے والوں کو بزدل قرار دیا ہے اور ساتھ ہی طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ آئندہ تھری پیس سوٹ ورنہ گھاگھرا پہن کر سوئمنگ کروں گا۔

گزشتہ روز وسیم اکرم نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ سوئمنگ پول میں موجود تھے تاہم ان کی ویڈیو پر کچھ لوگوں کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

جس کے جواب میں وسیم اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں ایک ویڈیو جاری کی اور ساتھ ہی لکھا کہ آج صبح یہ ویڈیو خاص طور پر ٹرولز اور بدتمیز لوگوں کے لیے ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا کے باعث لاک ڈاؤن، وسیم اکرم کی ویڈیو وائرل

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کوئی کہے کہ جواب نہ دو نظر انداز کرو تو میں اس ویڈیو کے بعد یقینی طور پر ایسا کروں گا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں وسیم اکرم نے کہا کہ ہم سب کا یہ مقصد ہے کہ ایک صحت مند طرز زندگی گزاریں، میں جلد ہی 55 برس کا ہوجاؤں گا اور صحت مند رہنے کی کوشش کرتا ہوں آپ لوگوں کو بھی ایسا کرنا چاہیے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ فیس بک اور انسٹاگرام پر جو لوگ تنقید کرتے ہیں وہ بزدل لوگ کرتے ہیں، بدتمیزی بزدل لوگ کرتے ہیں، اس سے یہ پتا لگتا ہے کہ ان کا بیک گرؤنڈ کیا ہے۔

ویڈیو پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہا کہ مجھے ایسے لوگوں کے بڑوں سے ہمدردی ہے وہ بھی کیا سوچتے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے کہا کہ آپ بغیر شرٹ کے سوئمنگ پول میں آگئے جبکہ آپ مسلمان ہے، وسیم اکرم نے مزید کہا کہ غلطی ہوگئی بھائی، اگلی مرتبہ تھری پیس سوٹ اگر وہ بھی نہیں پسند تو گھاگھرا پہن لوں گا۔

ویڈیو کے آخر میں وسیم اکرم نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بولنے اور لکھنے سے پہلے نہ سوچنا۔

بعدازاں وسیم اکرم کی اس ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کرکٹر شعیب ملک کی تھری پیس سوٹ میں تصویر شیئر کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا اس طرح تیراکی کریں گے؟

علاوہ ازیں گلوکار علی ظفر نے لکھا کہ وسیم اکرم اپنے بہترین انداز میں۔

گلوکار، اداکار اور میزبان فخر عالم نے وسیم اکرم کی ویڈیو پر لکھا کہ ٹرولز کا زیادہ تر زندگی میں کوئی مقصد نہیں ہوتا اور فیک آئی ڈیز کے ذریعے اپنی ناکامیاں بتاتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی فخر عالم نے لکھا کہ گھاگھرے میں آپ کی تصاویر دیکھنے کا انتظار ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وسیم اکرم نے اپنی 5 سالہ بیٹی عائلہ اکرم کے ساتھ تصویر شیئر کی تھی۔

تاہم ایک صارف کی جانب سے کمنٹ میں ان کی بیٹی کے لباس پر تنقید کی تھی اور لکھا تھا کہ بچی کو اچھے لباس پہنائیں۔

جس پر وسیم اکرم نے سخت انداز میں جواب دیا تھا کہ اپنے کام سے کام رکھیں۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں