کراچی-حیدر آباد موٹروے: وین حادثے میں جھلس کے جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 15 ہوگئی

مسافر وین میں 20 افراد سوار تھے—تصویر: ڈان نیوز
مسافر وین میں 20 افراد سوار تھے—تصویر: ڈان نیوز
ابتدائی طور پر لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی — فوٹو: ڈان نیوز
ابتدائی طور پر لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی — فوٹو: ڈان نیوز
جائے حادثہ پر لوگ جمع ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
جائے حادثہ پر لوگ جمع ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی ۔ حیدر آباد موٹروے (ایم 9) پر نوری آباد تھانے کی حدود میں حادثے کے بعد مسافر وین میں آتشزدگی کے نتیجے میں جھلس کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 15 ہوگئی۔

حکام کے مطابق حادثے میں جھلس کر جاں بحق ہونے والوں میں 8 خواتین، 2 بچیاں، ایک بچہ اور 4 مرد شامل ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر آفتاب پٹھان نے ڈان کو بتایا کہ وین میں کم از کم 20 افراد سوار تھے اور وہ لکی سیمنٹ فیکٹری سے قبل حادثے کا شکار ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حادثے میں بچ جانے والے 7 افراد میں سے 5 کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جس میں سے 2 مزید مریض انتقال کر گئے۔

جن 5 افراد کو کراچی کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا ان میں 28 سالہ احمد، 65 سالہ عرفان الرحمٰن، 40 سالہ عرفان، 3 سالہ ایاز اور 21 سالہ عبدالرشید شامل تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وین میں سے 6 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ بچ جانے والوں میں وین ڈرائیور اور بچہ بھی شامل ہے، ابتدائی طور پر لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔

تاہم لاشوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر کے ڈی این اے کے نمونے حاصل کیے جاچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: چلتی گاڑی میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

ڈاکٹر آفتاب پٹھان نے کہا کہ ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اس نے وین کے آگے موجود گاڑی کا بونٹ ٹوٹنے کے بعد وین سے ٹکرانے کے باعث بریک لگایا تھا۔

نوری آباد کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس نذر دریشَک نے کہا کہ وین حیدر آباد سے کراچی جارہی تھی اور حادثہ حیدر آباد سے 63 دور پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ وین نے الٹنے کے بعد کئی قلابازیاں کھائیں جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی، ان کا کہنا تھا کہ لاشیں جل کر سیاہ ہوگئی ہیں۔

کراچی اور ایدھی ہوم سے ایدھی کی ایمبولینسز موقع پر پہنچیں جبکہ آگ بجھانے کے لیے فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: کاربے قابو ہو کر سمندر میں جاگری، 2 افراد جاں بحق

حادثے کے بعد موٹروے پولیس نے ایم 9 کا حیدر آباد ۔ کراچی سیکشن بند کردیا جس کے باعث اس پر ٹریفک معطل ہوگئی۔

واضح رہے کہ سڑکوں کی خراب صورتحال، خستہ حال گاڑیوں اور ڈرائیونگ کے دوران لاپرواہی کے باعث ملک میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں ہر سال ہزاروں افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

روٓں سال کے اوائل میں نیو کراچی کے علاقے میں چلتی ہوئی وین میں آتشزدگی سے چار بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں