سلمان خان کی آواز بننے والے گلوکار ایس پی بالا کی آخری رسومات ادا

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2020
ایس پی بالا نے سلمان خان پر فلمائے گئے درجنوں گانے گائے—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو انڈیا ٹوڈے
ایس پی بالا نے سلمان خان پر فلمائے گئے درجنوں گانے گائے—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو انڈیا ٹوڈے

ایک ہی دن میں سب سے زیادہ کلام گانے کا عالمی ریکارڈ اپنے پاس رکھنے والے بھارت کے معروف گلوکار و موسیقار 74 سالہ شریپتی پنڈترادھیول بالسوبرامنیم المعروف ایس پی بالا کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔

ایس پی بالا دو دن قبل کورونا سمیت دیگر بیماریوں کے باعث 25 ستمبر کی دوپہر کو چل بسے تھے۔

گلوکار کو رواں برس اگست کے آغاز میں کورونا کے باعث ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی کے نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

ایس پی بالا میں اگست کے وسط تک کورونا کی علامتیں شدید ہوگئی تھیں اور زائد العمری کے باعث ان پر دیگر بیماریوں نے بھی حملہ کردیا تھا۔

چنئی کے نجی ہسپتال کے مطابق ایس پی بالا کو ستمبر کے آغاز میں ہی نمونیہ بخار بھی ہوگیا تھا اور آخری ایام میں ان کے کچھ جسمانی اعضا نے درست انداز میں کام کرنا چھوڑ دیا تھا جب کہ ان کی موت کا سب سے بڑا سبب ان کے دل کا رک جانا ثابت ہوا۔

ایس پی بالا کی موت پر بولی وڈ سمیت دنیا بھر کی میوزک و شوبز شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا تھا اور ان کے مداح بھارت بھر میں ہونے کی وجہ سے ان کی آخری رسومات کو 2 دن بعد 27 ستمبر کی دوپہر کو ادا کیا گیا۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایس پی بالا کی آخری رسومات ان کے آبائی ضلع تیرو والور میں ان کے گاؤں میں موجود ان کے فارم ہاؤس پر ادا کی گئیں اور وہیں ہی ہندو رسومات کے تحت ان کی تدفین بھی کی گئی۔

اے این آئی کے مطابق ایس پی بالا کو آخری رسومات کے دوران سلامی بھی دی گئی، تامل ناڈو پولیس نے ان کی آخری رسومات کے دوران 72 گولیاں چلائیں اور ان کی آخری رسومات میں درجنوں اہم شخصیات نے شرکت کی۔

ایس پی بالا کا آبائی گاؤں چنئی سے 50 کلو میٹر دوری پر واقع ہے اور ان کا تعلق آرتھوڈوکس تیلگو براہمن خاندان سے تھا اور اس ذات کے افراد اپنے پیاروں کی چتا کو جلانے کے بجائے انہیں دفناتے ہیں۔

ایس پی بالا ماضی کی نوابی ریاست مدراس میں پیدا ہوئے، اس لیے انہیں کیریئر کے آغاز میں مدراسی بھی کہا جاتا تھا اور انہیں ان کی زبان اور علاقے کی وجہ سے تضحیک کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

ایس پی بالا نے گلوکاری کی باقاعدہ تربیت و تعلیم حاصل نہیں کی تھی اور نہ ہی انہوں نے گلوکاری شروع کرنے کے بعد کبھی میوزک کی تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کی۔

ایس پی بالا نے کئی ایوارڈز جیت رکھے تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ایس پی بالا نے کئی ایوارڈز جیت رکھے تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی

ایس پی بالا نے گلوکاری کا آغاز تامل زبان سے 1960 کے بعد کیا اور جلد ہی وہ تامل زبان کے معروف گلوکار بن گئے اور پھر ان کی شہرت اتنی بڑھ گئی کہ انہیں دیگر مقامی زبانوں میں بھی گلوکاری کرنے کی پیش کش ہوئی۔

ایس پی بالا کی شہرت 1980 سے قبل ہی اتنی بڑھ گئی تھی کہ ان کے چرچے بولی وڈ میں ہونے لگے تھے اور پھر انہیں بولی وڈ اور بھارتی فلم انڈسٹری کے بڑے اداکاروں پر فلمائے گئے گانوں کی پیش کش ہونے لگیں۔

ایس پی بالا کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ موسیقی اور گلوکاری کی باضابطہ تعلیم حاصل کرنے کے باوجود 40 ہزار گانے ریکارڈ کروانے والے بھارت کے چند بڑے گلوکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔

ٹائمز ناؤ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایس پی بالا کو بولی وڈ کے کئی لیجنڈ اداکاروں کی آواز سمجھا جاتا تھا، تاہم جدید دور میں انہیں بولی وڈ خان سلمان خان کی آواز کے طور پر پہچانا جاتا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایس پی بالا کے پاس ایک ہی دن میں سب سے زیادہ گانے ریکارڈ کروانے کا عالمی ریکارڈ بھی ہے اور انہوں نے 8 فروری 1981 کو ایک ہی دن میں کناڈا زبان کے 21 گانے ریکارڈ کروائے۔

ایس پی بالا کے پاس ایک ہی دن میں 19 تامل زبان جب کہ 16 ہندی زبان کے گانے ریکارڈ کروانے کا ریکارڈ بھی ہے۔

ایس پی بالا نے اپنی شاندار گلوکاری اور موسیقی کے عوض 6 نیشنل اور 25 تامل نیشنل ایوارڈ جیتے، علاوہ ازیں نہیں درجنوں دیگر ایوارڈز بھی دیے گئے۔

ایس پی بالا نے اگرچہ 40 ہزار گانے گائے، تاہم ان کے چند درجن گانے ایسے ہیں، جنہیں 30 سال سے 40 سال کی عمر کے لوگ ہر وقت سننا پسند کرتے ہیں۔

ایس پی بالا کو سب سے زیادہ سلمان خان کے مقبول گیتوں کی وجہ سے شہرت ملی اور سلمان خان ہمیشہ ان کا احترام کرتے تھے اور انہیں اپنی آواز تسلیم کرتے تھے۔

ایس پی بالا کے معروف گانوں میں ' تم سے ملنے کی تمنا، پہلا پہلا پیار، دل دیوانہ، مجھ سے جدا ہوکر، بہت پیار کرتے ہیں تم کو صنم، دیکھا ہے پہلی بار، ساجن کی آںکھوں میں پیار، آتے، جاتے، ہنستے، گاتے، کبوتر جا، جا۔ روپ سہانا لگتا ہے، کبھی تو چھلیا لگتا ہے، چین آپ کو ملا، یہ رات اور یہ دوری' سمیت دیگر شامل ہیں۔

ایس پی بالا نے 1980 سے 2000 تک سلمان خان کی ریلیز ہونے والی متعدد فلموں میں بولی وڈ خان کے لیے گانے گائے اور وہ جیسے اسکرین پر دبنگ خان کی آواز بن گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں