شہزادہ ولیم کی پاکستانی طالبات کے سامنے بیوی کی تعریفیں

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2020
شہزادہ ولیم کے مطابق ان سے بہتر کیٹ مڈلٹن کو ڈرائنگ آتی ہے — فائل فوٹو: شاہی محل انسٹاگرام
شہزادہ ولیم کے مطابق ان سے بہتر کیٹ مڈلٹن کو ڈرائنگ آتی ہے — فائل فوٹو: شاہی محل انسٹاگرام

برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے اکتوبر 2019 میں کیے گئے تاریخی پاکستانی دورے کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستانی اسکول کے بچوں اور اساتذہ سے بات کرکے دورے کی یادیں تازہ کیں۔

شاہی جوڑے کی جانب سے پاکستانی بچوں اور اساتذہ سے کی جانے والی آن لائن گفتگو کو شاہی محل اور شاہی جوڑے کے نام سے بنے ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ویڈیو شیئر کی گئیں، جن میں شاہی جوڑے کو خوشگوار موڈ میں پاکستانی بچوں سے بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اسلام آباد کے ماڈل کالج فار گرلز کی طالبات اور لاہور کے ایس او ایس چلڈرن اسکول کی خواتین اساتذہ سے بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مختصر ویڈیو میں شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کو فیس ماسک کے بغیر جب کہ پاکستانی طالبات سمیت پاکستانی خواتین اساتذہ کو فیس ماسک پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کا 5 روزہ دورہ پاکستان مکمل

ویڈیو میں شاہی جوڑے نے پاکستانی اساتذہ سے معلوم کیا کہ کورونا کے تعلیم پر کیا اثرات پڑے اور اس دوران کیسے تعلیمی سلسلہ برقرار رکھا گیا؟

جس پر خواتین اساتذہ نے انہیں بتایا کہ اسکولوں کو بند کردیا گیا تھا تاہم آن لائن کلاسز کے ذریعے تعلیم جاری رکھی گئی۔

اسی طرح شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے اسلام آباد کے کالج کی طالبات سے ڈرائنگ بناکر خاکوں کو پہچاننے کا کھیل بھی کھیلا اور ویڈیو میں شاہی جوڑے سمیت پاکستانی طالبات کو خوش دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں ایک پاکستانی طالبہ نے شہزادہ ولیم سے پوچھا کہ انہیں بھی ڈرائنگ پسند ہے اور کرنے آتی ہے؟ جس پر شہزادے نے پاکستانی طالبات کے سامنے اپنی بیوی کی تعریفیں کردیں۔

شہزادہ ولیم نے پاکستانی طالبات کو بتایا کہ اگرچہ انہیں ڈرائنگ پسند ہے مگر انہیں اتنی اچھی ڈرائنگ نہیں آتی لیکن کیٹ مڈلٹن بہت ہی اعلیٰ ڈرائنگ کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں: شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان: کیٹ مڈلٹن کا لباس کس سے متاثر تھا؟

پاکستانی بچوں کے سامنے شوہر کی جانب سے تعریف کیے جانے پر شہزادی کیٹ مڈلٹن نے بھی اپنے شوہر کا ساتھ دیا اور پاکستانی طالبات کو بتایا کہ دراصل شہزادہ ولیم نے ڈرائنگ کی پریکٹس نہیں کی، اس وجہ سے ان کی ڈرائنگ اچھی نہیں۔

خیال رہے کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے گزشتہ برس 14 سے 18 اکتوبر تک پاکستان کے تاریخی دورے پر آئے تھے، دونوں کا پہلا پاکستانی دورہ تھا۔

دونوں نے تاریخی دورے کے دوران اسلام آباد اور لاہور کے اسکولوں سمیت ایوان صدر، وزیر اعظم ہائوس اور چترال کا دورہ بھی کیا تھا۔

اگرچہ مذکورہ دورہ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کا پہلا پاکستانی دورہ تھا، تاہم اس سے قبل شہزادہ ولیم کی والدہ پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا نے بھی ماضی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

علاوہ ازیں برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم نے 1961 اور 1997 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، ان کے علاوہ پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارن وال 2006 میں پاکستان آئے تھے۔

پاکستانی دورے کے دوران کیٹ مڈلٹن کے روایتی دیسی لباس کی بھی تعریفیں کی گئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
پاکستانی دورے کے دوران کیٹ مڈلٹن کے روایتی دیسی لباس کی بھی تعریفیں کی گئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں