گزشتہ سال مئی کے بعد سے متعارف کرائے جانے والے ہواوے کے نئے اسمارٹ فونز امریکی پابندیوں کے نتیجے میں گوگل پلے اسٹور، سروسز اور ایپس سے محروم ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ چینی کمپنی نے اپنے فونز میں ہواوے ایپ گیلری کا اضافہ کیا گیا جس میں اب تک متعدد ایپس کو شامل کیا جاچکا ہے جبکہ گوگل سروسز کے متبادل پر بھی کام ہورہا ہے۔

اب ہواوے نے گوگل میپس کے مقابلے میں اپنی میپ ایپ پیٹل میپس کو میٹ 40 سیریز کے فونز کے ساتھ متعارف کرادیا ہے۔

اس سے قبل ہواوے نے گوگل سرچ کے متبادل کے طور پر پیٹل سرچ کا اضافہ اپنے فونز میں کیا تھا جبکہ گوگل ڈاکس کی جگہ ہواوے ڈاکس نے لی، جس میں ڈاکومینٹ، اسپریڈ شیٹ اور دیگر فیچرز موجود ہیں۔

فوٹو بشکریہ ہواوے
فوٹو بشکریہ ہواوے

پیٹل میپ بہت جلد ہواوے ایپ گیلری میں بیٹا ورژن میں پیش کیا جارہا ہے، جو 140 سے زائد ممالک میں متعدد زبانوں کی سپورٹ کے ساتھ ہوگا۔

کمپنی کے مطابق اس میپ میں 2 ڈی اور 3 ڈی نیوی گیشن کے ساتھ پیدل اور پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے منازل تک پہنچنے کی سپورٹ بھی لانچ کے موقع پر کچھ بڑے شہروں میں دستیاب ہوگی۔

پیٹل میپس میں زوم ان اینڈ آؤٹ کی سہولت کے لیے کنٹرولز دیئے جارہے ہیں جبکہ ایئر جیسپر کے ذریعے نیوی گیشن ویو اور میپ اوور ویو پر سوئچ کرنا ممکن ہوگا۔

صارفین لوکیشنز، کاروباری اداروں اور اپنی دلچسپی کے دیگر مقامات کو ایپ میں سرچ کرکے سیو کرسکیں گے۔

ہواوے کا دعویٰ ہے کہ سرچ اور نیوی گیشن کا تمام ڈیٹا اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوگا۔

اس میں ٹیکسٹ اور وائس ان پٹ تو پہلے سے موجود تھا مگر اب ویژول سرچ آپشن کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

درحقیقت یہ ہواوے کی جانب سے گوگل لینس کا متبادل ہے جس میں کسی بھی جانب کیمرے کو کرکے تفصیلات حاصل کی جاتی ہیں جبکہ ہواوے کی اس میپ ایپ میں پیٹل سرچ بتائے گی کہ آپ کیا دیکھ رہے ہیں۔

تصویر سرچ رزلٹس کسی ویب لنک کی بجائے ایک انفارمیشن کارڈ کی شکل میں صاررف کے سامنے ہوگی۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر فی الحال لوگوں، جانوروں، مقامات اور غذاؤں پر کام کرتا ہے مگر جلد اس میں پودوں کی شناخت کو بھی شامل کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں