سام سنگ کا سستا ترین اسمارٹ فون اب پہلے سے زیادہ طاقتور

22 نومبر 2020
گزشتہ سال کا گلیکسی اے 01 — فوٹو بشکریہ سام سنگ
گزشتہ سال کا گلیکسی اے 01 — فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ نے گزشتہ سال دسمبر میں گلیکسی اے 01 متعارف کرایا تھا جو اس کمپنی کا سستا ترین فون بھی ہے۔

اب اس کا اپ ڈیٹ ورژن گلیکسی اے 02 کی شکل میں جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جو پہلے کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہوگا۔

گلیکسی اے 01 میں 5.7 انچ کا پی ایل ایس ٹی ایف ٹی ڈسپلے، 2 جی بی ریم اور 16 جی بی اسٹوریج دی گئی تھی۔

کوالکوم اسنیپ ڈراگون 439 پراسیسر، 3000 ایم اے ای بیٹری اور اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ون یو آئی 2 سے کیا۔

فون کے بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے جو 13 میگا پکسل پرائمری اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمروں پر مشتمل ہے جبکہ فرنٹ پر واٹر ڈراپ نوچ ڈیزائن میں 5 میگا پکسل کیمرا دیا گیا۔

اس کے مقابلے میں گلیکسی اے 02 فیچرز کے لحاظ سے زیادہ بہتر ہوگا۔

لیکس کے مطابق اس فون کو کچھ مارکیٹ میں گلیکسی ایم 02 کے نام سے پیش کیا جاسکتا ہے، جس میں 3 جی بی ریم اور اسنیپ ڈراگون 450 پراسیسر موجود ہوگا۔

البتتہ فون کا ڈسپلے 5.7 انچ کا ہی ہوگا جس میں ایچ ڈی پلس سپورٹ دی جائے گی مگر بیٹری 5000 ایم اے ایچ کی ہوگی۔

اس بار فون میں بیک پر 3 کیمرے ہوں گے جن میں مین کیمرا 13 میگا پکسل کا ہوگا جس کے ساتھ 8 میگا پکسل اور 2 میگا پکسل کیمرے ہوں گے۔

اس فون کی قیمت تو ابھی معلوم نہیں مگر امکان یہی ہے کہ گلیکسی اے 01 کے آس پاس ہی ہوگی جو اس وقت 16 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ فون دسمبر کے وسط میں مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا جاسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں