دفاعی تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان اور چین کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اپ ڈیٹ 01 دسمبر 2020
چین کے قومی دفاع کے وزیر  نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی —فائل فوٹو: رائٹرز/آئی این پی
چین کے قومی دفاع کے وزیر نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی —فائل فوٹو: رائٹرز/آئی این پی

اسلام آباد: پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر دستخط سے قبل چین کے قومی دفاع کے وزیر جنرل وی فینگ ہی نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔

دونوں عہدیداران کی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور اضافی دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: چین کا پاکستان کے ساتھ مزید مضبوط عسکری تعلقات بنانے کی خواہش کا اظہار

جنرل وی فینگ ہی نے علاقائی امن کے لیے کوششوں اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کے تحفظ کے لیے پاک فوج کی تعریف کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقائی اور عالمی فورمز پر تمام معاملات پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر چین کے وزیر قومی دفاع کا شکریہ ادا کیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ پاک فوج چین کے ساتھ آزمودہ اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور مستقبل کے چیلنجز کی صورت میں ہمارے تعلقات میں کوئی فرق نہیں پڑے گا'۔

مزید پڑھیں: چین اور پاکستان کے دفاعی تعاون پر تبادلۂ خیال

قبل ازیں چین کے وزیر برائے قومی دفاع نے جی ایچ کیو پہنچنے پر یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر پاک فوج کے ایک چاق و چوبند دستے نے دورے پر آئے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔


یہ خبر یکم دسمبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں