سام سنگ کا منفرد ڈیزائن والا فون متعارف کرائے جانے کا امکان

21 جنوری 2021
سام سنگ گلیکسی اے 80 — فوٹو بشکریہ سام سنگ
سام سنگ گلیکسی اے 80 — فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ نے 2019 کے شروع میں اپنا پہلا ایسا فون گلیکسی اے 80 کی شکل میں متعارف کرایا تھا جس میں گھوم جانے والا (روٹیٹنگ) کیمرا دیا گیا تھا۔

مگر 2020 میں اس کا اپ ڈیٹ ورژن پیش نہیں کیا گیا تھا، بلکہ جس فون کے بارے میں افواہیں سامنے آئی تھیں وہ گلیکسی نوٹ 10 لائٹ ثابت ہوا۔

مگر اب پھر ایسی افواہیں سامنے آئی ہیں کہ سام سنگ کی جانب سے گلیکسی اے 82 نامی اسمارٹ فون پر کام کیا جارہا ہے، جو 2019 کے ماڈل کا اپ ڈیٹ ورژن ہوگا۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ اس نئے فون میں اے 80 کی طرح کا روٹیٹنگ کیمرا ہوگا یا نہیں، بس یہ معلوم ہوا ہے کہ یہ ایک 5 جی فون ہوگا۔

اس وقت ایسا ڈیزائن صرف اوسوز زین فونز میں ہی موجود ہے۔

جب تک ڈسپلے کے اندر کیمروں کا رجھان عام نہیں ہوجاتا، یہ بیزل لیس ڈسپلے کے حصول کے چند محدود آپشنز میں سے ایک ہے۔

اس ڈیزائن میں مین کیمرے کو ہی سیلفی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جس سے زیادہ معیاری تصاویر کا حصول ممکن ہوتا ہے اور اس ڈیزائن میں الٹرا وائیڈ اینگل لینس اور ایل ای ڈی فلیش 'مفت میں سیلفی کے لیے مل جاتے ہیں۔

ایسا بھی ممکن ہے کہ اس سال بھی گلیکسی اے 82 کی جگہ اسے گلیکسی نوٹ 20 لائٹ کی شکل میں پیش کردیا جائے۔

اس فون کو جس شکل میں بھی متعارف کرایا جائے، تاہم اسے پیش کرنے میں ابھی کچھ عرصہ لگ سکتا ہے۔

گلیکسی اے 80 میں بیزل حقیقی معنوں میں نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ سیلفی کیمرا ہی موجود نہیں جبکہ 6.7 انچ کی بڑی سپر امولیڈ اسکرین ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ دی گئی۔

اس فون میں سام سنگ نے اوکٹاکور 730 جی پراسیسر دیا تھا جس کے ساتھ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج موجود تھی جس میں اضافہ کرنا ممکن نہیں کیونکہ ایس ڈی کارڈ سپورٹ نہیں دی گئی۔

اس میں 3700 ایم اے ایچ بیٹری جبکہ بیک پر میٹل فریم کے ساتھ تھری ڈی گلاس ڈیزائن دیا گیا۔

فون کی خاص بات اس کا 3 کیمروں کا سیٹ اپ تھا جس میں پہلی بار سام سنگ نے 48 میگا پکسل پرائمری کیمرا ایف 2.0 آپرچر کے ساتھ دیا جبکہ دوسرا کیمرا 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ (123 ڈگری) ایف 2.2 آپرچری سے لیس ہے جبکہ تیسرا تھری ڈی ڈیپتھ کیمرا ہے۔

یہ ٹرپل کیمرا سسٹم بیک اور فرنٹ دونوں جگہ کام کرتا ہے جو کہ سیلفی کے وقت سلائیڈر کے ذریعے اوپر اٹھ کر گھوم جاتا ہے تاکہ فرنٹ سے تصویر لی جاسکے۔

تبصرے (0) بند ہیں