حفیظ سے کوئی رنجش نہیں، ان کا احترام کرتا ہوں، سرفراز

اپ ڈیٹ 18 فروری 2021
محمد حفیظ نے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے اپنے اسکواڈ کو زبردست قرار دیا— فوٹو: ڈان نیوز
محمد حفیظ نے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے اپنے اسکواڈ کو زبردست قرار دیا— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ان کی محمد حفیظ سے کوئی رنجش نہیں اور وہ ان کا احترام کرتے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ سے قبل آن لائن پریس کانفرس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے ہمارا اسکواڈ بہت زبردست بنا ہے، کوشش ہو گی کہ پہلے میچ سے اچھی ٹیم اتاریں۔

مزید پڑھیں: ‘پی ایس ایل میچز کے دوران اسٹیڈیم کے قریب سڑکیں بلاک نہیں ہوں گی'

گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے کہا کہ کرس گیل، فاف ڈیو پلیسی، قیس احمد جیسے نئے کھلاڑی بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، ڈیل اسٹین اور کیمرون ڈیلپورٹ کی شمولیت ہوئی ہے جبکہ مقامی کھلاڑیوں میں عثمان شنواری ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اچھے کھلاڑی دستیاب ہیں اور کوشش کریں گے کہ اچھے کامبی نیشن کے ساتھ ایسی ٹیم اتاریں جو آگے فائنل تک کھیلے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے اور اسی طریقے سے قیادت کروں گا جیسے گزشتہ 5 سالوں میں کی ہے، کوشش کروں گا کہ اپنی ٹیم کے لیے بطور کھلاڑی اور کپتان اچھی پرفارمنس دے سکوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ہی وکٹ کیپنگ کروں لیکن اگر خدانخواستہ مجھے کوئی انجری ہو جاتی ہے تو ہمارے پاس اعظم پلیئنگ الیون میں موجود ہے جبکہ میری کوشش ہو گی کہ اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کروں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کیلئے عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ بیچ میں انجری کا شکار تھے لیکن اب وہ پریکٹس میچ میں ردھم میں نظر آئے، ہمارے ساتھ دو سال سے ہیں اور اُمید ہے کہ وہ جب بھی کھیلیں گے تو اچھا پرفارم کریں گے۔

گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے عثمان شنواری کی ٹیم میں شمولیت کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں جب پاکستانی ٹیم کا کپتان تھا وہ میری ٹیم کا حصہ تھے اور انہوں نے بڑی اچھی پرفارمنس دی ہیں لہٰذا مجھے خوشی ہے کہ ان کے آنے سے ہمیں ایک مقامی تجربہ کار باؤلر بھی دستیاب ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری محمد حفیظ سے کوئی رنجش نہیں، وہ میرے بڑے ہیں اور میں ان کا احترام کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ محمد رضوان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 میں شاندار سنچری پر محمد حفیظ نے ان کی تعریف کرتے ہوئے زومعنی ٹوئٹ کی جس پر قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

سرفراز کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ ہر مرتبہ اہم ہوتی ہے اور یہ پی ایس ایل بھی میں اسی طریقے سے کھیلوں گا جس طرح میں نے گزشتہ 5 پی ایس ایل کھیلیں اور کوشش کروں گا کہ بطور کپتان اور بیٹسمین بہترین پرفارمنس دوں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل جیسا باؤلنگ کا معیار کسی اور لیگ میں نہیں، شاہد آفریدی

ایک سوال کے جواب میں سرفراز نے کہا کہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوئی روایتی حریف نہیں، رضوان اپنی ٹیم کا کپتان ہے تو اس کے لیے فائٹ کرے گا، میں اپنی ٹیم کو جتانے کی کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی20 فارمیٹ میں 6 بلے باز ٹیم میں ہونے چاہئیں اور ہماری بھی یہی کوشش ہو گی کہ پہلے چھ مکمل بلے باز ٹیم کا حصہ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کل ٹی 20 فارمیٹ میں باؤلرز بھی اپنی بیٹنگ پر خاص توجہ دے رہے ہیں، زاہد محمود کو ہلکا نہ لیں کیونکہ وہ اچھی خاصی بیٹنگ کر لیتا ہے جبکہ عثمان شنواری بھی آل راؤنڈر کارکردگی کے جوہر دکھا چکے ہیں، ہمارے پاس ہارڈ ہٹر موجود ہیں تو ہمارے ٹیل اینڈرز کو ہلکا مت لیجیے گا۔

گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے کہا کہ باؤلنگ کوچ عمر گل کی موجودگی سے نوجوان فاسٹ باؤلرز کو بہت فائدہ ہو گا جبکہ ڈیل اسٹین بھی ہمارے ساتھ ہوں گے تو یہ نوجوانوں کے لیے اچھا موقع ہے کہ وہ ان دونوں فاسٹ باؤلرز سے جتنا سیکھ سکتے ہیں، سیکھ لیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیوپلیسی سمیت پانچ غیرملکی کھلاڑی پاکستان سپر لیگ کا حصہ بن گئے

ان کا کہنا تھا کہ بائیو سیکیور ببل کا حصہ رہنا مشکل ضرورہے لیکن ہمیں صورتحال کو سمجھنا ہو گا اور اسی لحاظ سے زندگی کو آگے لے کر چلنا ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں