پشاور زلمی پہلے میچ میں کپتان اور ہیڈ کوچ کی خدمات سے محروم

کوچ ڈیرن سیمی اور کپتان وہاب ریاض نے بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کی— فوٹو: ڈان نیوز
کوچ ڈیرن سیمی اور کپتان وہاب ریاض نے بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کی— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آغاز سے چند گھنٹے قبل بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی اپنی ٹیم کے پہلے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

وہاب ریاض اور ڈیرن سیمی پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل کے لیے متعین کردہ پروٹوکول کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے اب وہ ایونٹ میں اپنی ٹیم کا افتتاحی میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6 کا آج سے آغاز، افتتاحی میچ میں کنگز اور گلیڈی ایٹرز مدمقابل

ذرائع کے مطابق سیمی اور وہاب ریاض ایک غیرمتعلقہ فرد کے بلانے پر بائیو سیکیور ببل سے باہر چلے گئے اور غیردانستہ طور پر پروٹوکولز کی خلاف ورزی کر بیٹھے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی سی بی ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی تام ٹیموں، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کورونا وائرس کی وجہ سے طے کردہ اصول و ضوابط، پروٹوکولز، بائیو سیکیور ببل اور حفاظتی تدابیر پر لیکچر دے چکا تھا لیکن اس کے باوجود پشاور زلمی کے کپتان اور کوچ نے خلاف ورزی کی جس پر اور بورڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایکشن لیا۔

سیمی اور وہاب دونوں کو فوری طور پر قرنطینہ کر دیا گیا ہے اور ٹیم کے ساتھ نہیں ٹھہر سکتے۔

دونوں اسی ہوٹل میں موجود ہیں جس میں پشاور زلمی ہے لیکن ان کو الگ فلور پر آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے آغاز سے قبل ہی بڑا دھچکا، ایک کھلاڑی کورونا کا شکار

پشاور زلمی کے کپتان اور کوچ کم از کم تین دن تک اسکواڈ سے نہیں مل سکیں گے اور دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بننے کے لیے انہیں لازمی دو منفی ٹیسٹ لانا ہوں گے۔

وہاب ریاض کی عدم دستیابی کے سبب لیگ کے پہلے میچ میں ممکنہ طور پر تجربہ کار شعیب ملک ٹیم کی قیادت کریں گے۔

واضح رہے کہ آج پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک پریس ریلیز جاری کی تھی جس میں ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آںے کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی انکشاف کیا گیا تھا کہ ایک ٹیم کے دو اراکین کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مذکورہ کھلاڑی کے ساتھ ساتھ ساتھ بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر ایک کھلاڑی اور آفیشل کو تین دن قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ: 6 پاکستانی کھلاڑی توجہ کا محور

پی سی بی نے کہا تھا کہ ہمیں انتہائی مایوسی ہے کہ ایک فرنچائز کے دو اراکین نے غیرذمے داری کا مظاہرہ کیا اور بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس شخص سے رابطہ کیا جو ببل کا حصہ نہیں تھا۔

بورڈ نے کہا کہ پی ایس ایل سے منسلک افراد کی صحت اور حفاظت پی سی بی اور اس ٹورنامنٹ کے لیے بے انتہا اہمیت کی حامل ہے۔

اعلامیے میں دوٹوک الفاظ میں کہا گیا کہ تمام کھلاڑیوں کو ایک مرتبہ پھر یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ پی سی بی کے کووڈ-19 پروٹوکولز کی پیروی کریں کیونکہ بورڈ کسی بھی فرد کو ٹورنامنٹ کی ساکھ اور سالمیت پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں