پی ایس ایل 6: زلمی کا مقابلہ قلندرز سے، سلطانز، یونائیٹڈ سے ٹکرائیں گے

اپ ڈیٹ 21 فروری 2021
پہلے میچ میں زلمی اور قلندرز مدمقابل ہوں گے—تصویر: پشاور زلمی ٹوئٹر
پہلے میچ میں زلمی اور قلندرز مدمقابل ہوں گے—تصویر: پشاور زلمی ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا رنگ رنگ میلا سج چکا ہے اور آج ایونٹ کے دوسرے روز دو میچز کھیلے جائیں گے جس میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز جبکہ ملتان سلطان اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل ہوں گے۔

گزشتہ روز کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگ نے ٹائٹل کے دفاع میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی شکست دی تھی۔

پی ایل ایل کا باقاعدہ آغاز گزشتہ روز 20 فروری سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈم میں ایک رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا تھا، جہاں شائقین کے ایک محدود تعداد اسٹیڈیم میں بیٹھ کر تقریب اور میچ دونوں سے لطف اندوز ہوئی تھی۔

اسی سلسلے میں آج ایونٹ کے 2 میچز کھیلے جائیں گے اور پہلے میچ میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز مد مقابل ہوں گے جبکہ دوسرے میچ میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ میں ٹاکرا ہوگا۔

مزید پڑھیں: کراچی کنگز کا پی ایس ایل-6 میں فاتحانہ آغاز، گلیڈی ایٹرز کو شکست

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ان دونوں میچز کی بات کریں تو پہلا میچ دوپہر دو بجے شروع ہوگا جس میں پشاور زلمی اور لاہور قلندر آمنے سامنے ہوں گے۔

اگر ان دونوں ٹیموں کی بات کی جائے تو پشاور زلمی اب تک کھیلے گئے پی ایس ایل کے سیزن میں ایک مرتبہ ٹرافی اٹھانے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ لاہور قلندر اب تک ٹرافی نہیں جیت سکی۔

لاہور قلندرز اگرچہ پی ایس ایل کے 4 سیزن میں اتنی بہتر کارکردی نہیں دکھا سکی تھی لیکن پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں وہ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی تاہم وہاں اسے کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

تاہم پشاور زلمی کی اب تک کی مجموعی کارکردگی لاہور قلندر کے مقابلے میں بہتر رہی ہے اور وہ پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کی ٹرافی اٹھانے میں بھی کامیاب رہی تھی۔

تاہم آج ہونے والے پی ایس ایل 6 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی کو اپنے ہیڈکوچ اور کپتان کی خدمات حاصل نہیں ہیں کیونکہ کپتان وہاب ریاض اور ہیڈکوچ ڈیرن سیمی بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر پہلے میچ سے باہر ہوچکے ہیں۔

لہٰذا یہ امکان ہے کہ آج کے میچ میں پشاور زلمی کی نمائندی سینئر کھلاڑی شعیب ملک کریں گے جبکہ لاہور قلندرز کی نمائندی سہیل اختر کریں گے۔

اگر آج کے دوسرے میچ کی بات کی جائے تو وہ دو مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی پی ایس ایل کی واحد ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جوش و جذبے سے بھرپور رنگارنگ افتتاحی تقریب سے پی ایس ایل-6 کا افتتاح

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ شام 7 بجے کراچی کے نیشل اسٹیڈم میں ہی کھیلا جائے گا، جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی شاداب خان کریں گے وہیں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ہوں گے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اب تک دو مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ ملتان سلطانز کے حصے میں یہ موقع ایک مرتبہ بھی نہیں آیا ہے۔

تاہم دونوں ٹیمیں فاتحانہ انداز میں ایونٹ کا آغاز کرنے کے لیے پرامید ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں