ہواوے نے امریکی پابندیوں کے نتیجے میں اسمارٹ فون بزنس متاثر ہونے کے بعد الیکٹرک گاڑیوں کو تیار کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔

خبررساں ادارے رائٹرز نے ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ ہواوے کی اولین الیکٹرک گاڑیوں کے چند ماڈلز رواں سال ہی متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہواوے کی جانب سے چونگ چنگ چین گن آٹوموبائل کارپوریشن اور دیگر کمپنیوں کے پلانٹس میں الیکٹرک گاڑیوں کی پروڈکشن کے لیے مذاکرات کیے جارہے ہیں۔

رائٹرز سے بات کرتے ہوئے ہواوے کے ایک ترجمان نے الیکٹرک گاڑیوں کے ڈیزائن یا ان کی تیاری کے منصوبے کی تردید کی۔

بعد ازاں بلومبرگ سے بات کرتے ہوئے کمپنی کے ایک نمائندے نے بتایا کہ ہواوے گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی نہیں اور اس کا مققصد کمپنیوں کو پرزہ جات فراہم کرنا ہے۔

خیال رہے کہ 2020 کی دوسری سہ ماہی کے دوران ہواوے نے سام سنگ سے دنیا کی نمبرون اسمارٹ فون کمپنی کا اعزاز چھین کر اپنے نام کیا تھا۔

تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہد میں عائد کی جانے والی پابندیوں کے نتیجے میں ہواوے کو اہم ترین پرہ جات کی سپلائی جات کے حصول میں مشکلات سامنا ہے۔

ہواوے کے بانی زین زینگ فائی نے حال ہی میں کہا تھا کہ کمپنی کی جانب سے اسمارٹ فونز کی تیاری جاری رکھی جائے گی، حالانکہ کمپنی نے گزشتہ برس کے اختتام پر اپنے بجٹ آنر برانڈ کو فروخت کردیا تھا۔

رائٹرز کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے لیے ہواوے کی جانب سے BAIC گروپ سے بھی بات چیت کی جارہی ہے۔

ہواوے کی جانب سے ماضی میں الیکٹرک گاڑیوں کے سافٹ ویئر سسٹمز، سنسرز اور 5 جی کمیونیکشن ہارٖڈویئر تیار کیے جاتے رہے ہیں اور اس نے مختلف کمپنیوں جیسے جنرل موٹرز سے شراکت داری بھی کی۔

ہواوے سے اشتراک کی نئی رپورٹ کے بعد BAIC گروپ کے حصص میں 8 فیصد جبکہ چین گن کے حصص میں 5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

چین گن آٹوموبائل نے بلومبرگ کو بتایا کہ وہ اس طرح کے منصوبوں سے آگاہ نہیں جبکہ BAIC گروپ نے فی الحال کوئی جواب نہیں دیا۔

چین کی چند ٹیکنالوجی کمپنیوں نے حال ہی میں الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ میں قدم رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

سرچ انجن بیدو نے جنوری میں الیکٹرک گاڑی کی تیاری کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا جبکہ شیاؤمی نے بھی حال ہی میں ایک بیان میں کہا کہ وہ اس انڈسٹری میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لے رہی ہے، تاہم کسی منصوبے کے آغاز کا عندیہ نہیں دیا۔

دوسری جانب سے ایپل کی جانب سے بھی الیکٹرک گاڑی کی رپورٹس میں حالیہ مہینوں میں تیزی آئی ہے جن کے مطابق آئی فون تیار کرنے والی کمپنی شراکت داروں کو تلاش کررہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں