اسلام آباد یونائیٹڈ کو چیمپئن بنانے کے لیے پرعزم ہوں، افتخار احمد

اپ ڈیٹ 01 مارچ 2021
افتخار احمد نے رواں سیزن میں کراچی کنگز کے خلاف آؤٹ ہوئے بغیر 49 رنز کی اننگز کھیلی تھی— فوٹو: پی سی بی
افتخار احمد نے رواں سیزن میں کراچی کنگز کے خلاف آؤٹ ہوئے بغیر 49 رنز کی اننگز کھیلی تھی— فوٹو: پی سی بی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے آل راؤنڈر افتخار احمد نے ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونائیٹڈ کو ایک مرتبہ پھر چیمپئن بنانے کے لیے پرعزم ہوں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق افتخار احمد نے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ وہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں واپسی پر بہت خوش ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کا دوبارہ حصہ بننا ان کی خواہش بھی تھی اور اب وہ اپنی ٹیم کو چیمپئن بنانے کے لیے بھی پرامید ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021: کنگز کی ریکارڈ شراکت مگر یونائیٹڈ کی شاندار فتح

واضح رہے کہ افتخار احمد، پی ایس ایل 6 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہوں نے 2018 میں چیمپئن بننے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے ڈیبیو کیا تھا لیکن بعد میں وہ کراچی کنگز کا حصہ بن گئے تھے اور اب ایک مرتبہ پھر دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔

افتخار احمد کا کہنا تھا کہ مجھے تنقید سے پریشانی نہیں بلکہ تنقید سے مزید محنت کی ترغیب ملتی ہے اور خود پر ہونے والی تنقید کو اپنی کارکردگی کے ذریعے غلط ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر بلے باز کا کردار گیم کو طول دینا اور اچھے انداز میں میچ ختم کرنا ہوتا ہے۔

آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کرکٹ، ڈومیسٹک یا فرنچائز کسی بھی کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتا ہوں اور ہمیشہ اپنی اچھی کارکردگی سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اب اپنی نظریں رواں برس شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر مرکوز کرلی ہیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2021 میں عمدہ کارکردگی کے لیے پر عزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت، میچ ملتوی

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے افتخار احمد نے 2018 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے پی ایس ایل میں ڈیبیو کیا تھا اور 2019 میں انہوں نے کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے 6 میچوں میں 82 رنز بنائے تھے، جس میں ایک میچ میں آؤٹ ہوئے بغیر 44 رنز کی اننگز بھی شامل تھی۔

رواں ایڈیشن میں وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اپنے پہلے میچ میں صرف ایک رن ہی بناسکے تھے، تاہم دوسرے میچ میں انہوں نے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 49 رنز کی بدولت ٹیم کو کراچی کنگز کے خلاف فتح دلائی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں