اسٹوکس انگلی تڑوا کر انڈین پریمیئر لیگ سے باہر

14 اپريل 2021
کنگز الیون پنجاب کے خلاف میچ میں راجستھان رائلز کے آل راؤنڈر کیچ لیتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے— فائل فوٹو: رائٹرز
کنگز الیون پنجاب کے خلاف میچ میں راجستھان رائلز کے آل راؤنڈر کیچ لیتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے— فائل فوٹو: رائٹرز

مایہ ناز انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس الٹے ہاتھ کی انگلی ٹوٹنے کے سبب انڈین پریمیئر لیگ سے باہر ہو گئے ہیں۔

انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کرنے والے اسٹوکس پیر کو کنگز الیون پنجاب کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہوئے۔

انہوں نے میچ میں پہلے بیٹنگ کرنے والی کنگز الیون پنجاب کی اننگز کے 10ویں اوور میں کرس گیل کا کیچ لینے کے لیے ڈائیو ماری اور اسی کوشش میں الٹے ہاتھ کی انگلی تڑوا بیٹھے۔

راجستھان رائلز کی جانب سے جاری بیان میں انجری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ بدقسمتی سے اسٹوکس کی انگلی ٹوٹ گئی ہے جس کی وجہ سے وہ انڈین پریمیئر لیگ 2021 کے بقیہ میچز میں لیگ کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔

البتہ فرنچائز نے کہا کہ انگلش آل راؤنڈر وطن واپس نہیں لوٹ رہے اور ٹیم کے ہمراہ ہی موجود رہیں گے تاکہ ٹورنامنٹ میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کر سکیں۔

بیان میں آل راؤنڈر کے متبادل کے جلد اعلان کا عندیہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اسٹوکس کو راجستھان رائلز میں سب بہت پسند کرتے ہیں کیونکہ وہ فرنچائز کا انتہائی اہم اثاثہ ہیں اور ہم ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

مذکورہ میچ میں کنگز الیون پنجاب نے پہلے کھیلتے ہوئے لوکیش راہل کے 91 رنز کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں کپتان سنجو سیمسن کی 119 رنز کی شاندار اننگز کے باوجود راجستھان رائلز کی ٹیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے میچ ہار گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں