کوہلی کی حکمرانی کا خاتمہ، بابر اعظم ون ڈے کے نمبر ایک بلے باز بن گئے

اپ ڈیٹ 14 اپريل 2021
بابر اعظم قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں ویرات کوہلی کی حکمرانی کا خاتمہ کردیا اور عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق بابر اعظم 865 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہیں ان کے بعد ویرات کوہلی کے 857 پوائنٹس ہیں۔

بابراعظم یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین ہیں، ان کے نمبر ون پر آجانے سے بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی دوسرے نمبر پر چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم نے سنچری کے ساتھ دو نئے ریکارڈز اپنے نام کر لیے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اکتوبر 2017 سے ایک روزہ میچز کے بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر موجود تھے اور 41 ماہ تک ان کی حکمرانی قائم رہی تاہم اب بابر نے انہیں اس اعزاز سے محروم کردیا ہے۔

آئی سی سی کی جاری کردہ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر بھارتی بلے باز روہت شرما، چوتھے نمبر پر کیوی بیٹسمین روز ٹیلز، جبکہ پانچویں نمبر پر آسٹریلیا کے ایرون فنچ براجمان ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے نئی رینکنگ جاری ہونے کے فوری بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بابراعظم کا نام ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور ان کے مداحوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا۔

اس کے علاوہ اوپنر فخر زمان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں میں 302 رنز بناکر نہ صرف مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا بلکہ وہ آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں بھی پہلے دس بہترین بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں۔

مذکورہ سیریز میں انہوں نے 8، 193 اور 101 رنز بنائے جس کی وجہ سے وہ عالمی درجہ بندی میں انیسویں سے ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تین میچوں میں 228 رنز بنانے والے بابراعظم نے سیریز کے دوران مجموعی طور پر 28 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے، سیریز کے آغاز سے قبل ان کے اور ویران کوہلی کے درمیان 20 پوائنٹس کا فرق تھا۔

اس سے قبل میزبان ٹیم کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں 103 رنز بنانے پر بابراعظم ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے تھے تاہم دوسرے میچ میں 31 رنز بناکر آؤٹ ہونے کے باعث وہ 5 پوائنٹس گنوانے کی وجہ سے دوبارہ دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے تھے۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی کی نئی رینکنگ، بابر اعظم ٹاپ بلے بازوں میں شامل

اس سے قبل ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بیٹسمین رہ چکے ہیں۔

ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان بابراعظم کا ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرا اور ٹیسٹ میں چھٹا نمبر ہے، ان کے علاوہ صرف ویرات کوہلی دنیا کے وہ واحد بیٹسمین ہیں جو فی الحال ان تینوں فارمیٹ کی عالمی درجہ بندی کے مطابق ابتدائی چھ بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بھی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی بہترین پوزیشن حاصل کرلی ہے، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر نے تازہ ترین عالمی رینکنگ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

اگلا ہدف اس رینکنگ کو برقرار رکھنا ہے، بابر اعظم

نمبر ون رینکنگ پر بابراعظم کا کہنا تھا کہ اب ان کا اگلا ہدف اس درجہ بندی کو برقرار رکھنا ہوگا، کوشش کریں گے کہ وہ سخت محنت اور یکسوئی کا مظاہرہ کریں۔

سر ویون رچرڈز نے جنوری 1984 سے اکتوبر 1988 تک جبکہ ویرات کوہلی نے 1258 روز تک یہ پوزیشن اپنے پاس رکھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس سے قبل ٹی ٹونٹی کی عالمی پلیئرز رینکنگ میں بھی نمبر ون بن چکے ہیں مگر ان کا اصل ہدف ٹیسٹ کرکٹ کا نمبر ون بیٹسمین بننا ہے کیونکہ کسی بھی کرکٹر کی صلاحیتوں کا اصل امتحان تو ٹیسٹ کرکٹ ہی ہے۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ وہ اس مقام کے حصول کے لیے سخت محنت کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور کوشش ہوگی کہ عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال ان لمحات سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے 18 ماہ بعد پاکستان ایشیا کا وہ واحد ملک بن گیا ہے کہ جس نے جنوبی افریقہ کو اس کی اپنی سرزمین پر دوسری مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شکست دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں