اداکار جیکی چن نے حال ہی میں 67 ویں سالگرہ منائی اور وہ اس عمر میں بھی دنیا کے چند سب سے زیادہ کمانے والے اداکاروں میں سے ایک ہیں۔

اگرچہ ان کا تعلق چین سے ہے مگر وہ ہولی وڈ میں بھی بہت زیادہ مقبول ہیں۔

فوربز کے تخمینے کے مطبق جون 2019 سے جون 2020 کے دوران جیکی چن نے 4 کروڑ ڈالرز کمائے۔

وہ مجموعی طور پر 35 کروڑ ڈالرز کے مالک ہیں مگر اس میں سے ایک ڈالر بھی ان کے اکلوتے بیٹے جیسی چن کو نہیں ملے گا۔

جیکی چن نے یہ اعلان ایک دہائی قبل یعنی 2011 میں کیا تھا کہ وہ اپنی تمام دولت فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرجائیں گے اور بیٹے کو کچھ نہیں دیا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا تھا 'میں نے اپنے بیٹے کے لیے فلمی کیریئر کے دوران کمائے گئے کروڑوں ڈالرز چھوڑنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی، اگر وہ کسی قابل ہوا تو اپنی قسمت خود بنالے گا اور وہ نااہل ہوا تو میری دولت کو ضائع کردے گا'۔

جیکی چین اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ — فوٹو بشکریہ ایشیا ون
جیکی چین اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ — فوٹو بشکریہ ایشیا ون

جیکی چن 1954 میں ہانگ کانگ میں انتہائی غریب گھرانے میں پیدا ہوئے اور 7 سال کی عمر میں نوکری کرنے کے بعد اداکاری کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے ابتدائی طور پر اسٹیج ڈراموں اور اوپرا تھیٹر سے پرفارمنس کا آغاز کیا۔

جیکی چن ابتدائی دنوں میں بطور اسسٹنٹ کام کرتے رہے، بعد ازاں انہیں اداکاری کے جوہر دکھانے کا موقع ملا اور پھر وہ دیکھتے ہی دیکھتے چین سے امریکا اور ہانگ کانگ سے برطانیہ تک چھا گئے۔

جیکی چن نے باضابطہ شادی جون لین سے 1982 میں کی، جس سے ان کا ایک بیٹا جیسی چن ہے، جو خود بھی اداکار ہیں۔

جیسی کو 2014 میں منشیات رکھنے کے الزام پر گرفتار بھی کیا گیا تھا جس پر جیکی چن نے چینی سوشل میڈیا پر شرمندگی اور معذرت کا اظہار بھی کیا تھا۔

انہوں نے کہا ' میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں وہ انسداد منشیات کا علم بردار بنتے ہوئے نوجوانوں کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرے'۔

جیکی چن نے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کی مدد کیلئے کبھی کسی کا سہارا نہیں لیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں