دنیا کی متعدد اسمارٹ فونز تیار کرنے والی کمپنیاں اس سال ڈسپلے کے اندر چھپے کیمرے والے فونز پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

سام سنگ، شیاؤمی، اوپو، ویوو، زی ٹی ای اور میزو کی جانب سے انڈر ڈسپلے کیمرے سے لیس فونز 2021 کی دوسری ششماہی میں متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔

اسمارٹ فونز کی لیکس کے حوالے سے معروف ٹوئٹر صارف آئس یونیورس کے مطابق سام سنگ اور اوپو کے انڈر ڈسپلے کیمرے والے فون فولڈ ایبل ہوں گے۔

اسی طرح شیاؤمی کی جانب سے می مکس 4 میں اس ٹیکنالوجی کو دیا جائے گا۔

شیاؤمی نے اگست 2020 میں اعلان بھی کیا تھا کہ اس کا ڈسپلے کے اندر نصب کیمرے سے لیس کمرشل اسمارٹ فون 2021 میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔

کمپنی کی جانب سے اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی تیکنیکی طور پر تھرڈ جنریشن ہے حالانکہ فرسٹ اور سیکنڈ جنریشن ورژن سے لیس اسمارٹ فون عام صارفین کے لیے متعارف نہیں کرائے گئے۔

چینی کمپنی کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے نئے ورژن کی بدولت سیلفی کیمرا ڈسپلے کے سب پکسلز میں موجود خلا سے دیکھ سکے گا۔

کمپنی کے مطابق کیمرے کے اوپر موجود ڈسپلے کے حصے میں بھی پکسلز کی شرح باقی اسکرین جیسی ہی ہوگی تو وہ اچھی طرح چھپ جائے گا۔

شیاؤمی کا کہنا تھا کہ سیلفی کیمرا کارکردگی میں روایتی فرنٹ کیمروں جتنا ہی بہتر ہوگا۔

ایسی لیکس پہلے ہی سامنے آچکی ہیں کہ ویوو کی جانب سے 2021 میں کسی وقت نیکس 5 اسمارٹ فون میں پہلے سے بہتر انڈر ڈسپلے کیمرا سسٹم دیا جائے گا۔

زی ٹی ای وہ کمپنی نے جس نے ایکسون 20 فائیو جی کی شکل میں پہلا انڈر ڈسپلے کیمرے سے لیس فون صارفین کے لیے متعارف کرایا جس کو وہ خرید سکتے تھے۔

تاہم اس کیمرا کا معیار کچھ زیادہ اچھا نہیں تھا اور اب کمنی نے تصدیق کی ہے کہ ایکسون 30 میں نئی نسل کا کیمرا دیا جائے گا، تاہم زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں