آئی پی ایل: ڈیوڈ وارنر اور کین ولیمسن نے راشد خان کے ساتھ روزہ رکھا

اپ ڈیٹ 19 اپريل 2021
افغان کرکٹر راشد خان نے انکشاف کیا کہ دونوں عظیم کرکٹرز نے ان کے ساتھ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا روزہ رکھا— فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر/آئی پی ایل
افغان کرکٹر راشد خان نے انکشاف کیا کہ دونوں عظیم کرکٹرز نے ان کے ساتھ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا روزہ رکھا— فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر/آئی پی ایل

دنیا کرکٹ میں ہر روز نت نئے دلچسپ واقعات رونما ہوتے ہیں جو شائقین کے دل موہ لیتے ہیں اور ایسا ہی ایک واقعہ انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کے دوران رونما ہوا۔

انڈین پریمیئر لیگ میں راشد خان سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کررہے ہیں جس کے کپتام آسٹریلین اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن بھی ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔

راشد نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انکشاف کیا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں وارنر اور ولیمسن نے بھی ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے ساتھ روزہ رکھا۔

افطار کے موقع پر ان تینوں کو روزہ کھولنے کے لیے ایک ساتھ بیٹھا دیکھا جا سکتا ہے اور شاید اسی وقت یہ ویڈیو ریکارڈ کی گئی جس میں دونوں کھلاڑیوں نے اظہار خیال کیا۔

راشد نے سب سے پہلے وارنر سے پوچھا کہ ان کا روزہ کیسا گزرا جس پر آسٹریلین بلے باز نے جواب دیا کہ روزہ تو اچھا گزرا لیکن میں آج شدید بھوک اور پیاس محسوس کررہا ہوں، میرا پورا منہ خشک ہے۔

اس کے بعد انہوں نے اپنے کیمرے کا رخ کین ولیمسن کی جانب کیا جنہوں نے جواب دیا کہ ان کا روزہ بھی اچھا گزرا۔

بعدازاں ویڈیو کے اختتام پر راشد خان نے کہا کہ ان دونوں کھلاڑیوں نے آج روزہ رکھا اور ان کے ساتھ بیٹھنا اعزاز کی بات ہے۔

اس کے علاوہ افغانستان کے محمد نبی، راشد خان اور بھارتی باؤلر خلیل احمد نے بھی ایک ساتھ روزہ کھولنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

واضح رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ میں سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم سب سے آخری نمبر پر موجود ہے اور وہ اپنے تین میں سے دو میچز ہار چکی ہے۔

سن رائزرز حیدرآباد کے لیے سب سے تشویشناک بات کین ولیمسن کی انجری ہے جس کی وجہ سے وہ اب تک اس سال اپنی فرنچائز کی نمائندگی نہیں کر سکے۔

تبصرے (0) بند ہیں