آغا علی کا ڈراما 'مجھے خدا پر یقین ہے' مداحوں میں مقبول

اپ ڈیٹ 21 اپريل 2021
سلیم گھانچی کی ہدایات میں تیار  ہونے والا یہ پروجیکٹ یوٹیوب پر بھی یکساں مقبول ہے— فوٹو: انسٹاگرام
سلیم گھانچی کی ہدایات میں تیار ہونے والا یہ پروجیکٹ یوٹیوب پر بھی یکساں مقبول ہے— فوٹو: انسٹاگرام

نجی ٹی وی چینل سے نشر ہونے والا آغا علی، نمرہ خان اور یشمہ خان کا ڈراما 'مجھے خدا پر یقین ہے' ان دنوں شائقین میں بہت زیادہ مقبول ہے جبکہ یہ ڈراما اپریل کے مہینے میں سب سے زیادہ ریٹنگ (ٹی آر پیز) حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

ڈان امیجز سے بات چیت میں آغا علی نے ریٹنگز اور نجی ٹی وی چینل کے ڈرامے میں اپنے تجربے پر بات کی۔

آغا علی نے ٹی آر پیز سے متعلق کہا کہ 'کچھ ذرائع ہوتے ہیں جو یہ حساب لگاتے ہیں کہ کتنے لوگ ڈرامے دیکھ رہے ہیں اور پھر چینلز اپنے ڈراما سیریلز سے متعلق معلومات جاری کرتے ہیں تاکہ لوگ یہ جان سکیں کہ کون سے ڈرامے دیکھے جارہے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ بالکل اسی طرح ہے جیسے باکس آفس کام کرتا ہے کہ مختلف کیبلز پر کتنے ٹی وی سیٹس نے چینل دیکھا اور وہ کیا تھا'۔

آغا علی نے کہا کہ اسی طرح 'ہمسفر' اور 'میرے پاس تم ہو' اتنے زیادہ ہٹ ہوئے تھے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ان ڈراموں کی اقساط دیکھی تھیں۔

10 اپریل کو نجی ٹی وی چینل جیو سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 'مجھے خدا پر یقین ہے'، 'قیامت' اور 'کاسہ دل' نے 136 جی آر پی (گروس ریٹنگ پوائنٹس ) حاصل کیے جبکہ اے آر وائے ڈیجیٹل نے 102 اور ہم ٹی وی نے 43 حاصل کیے۔

ڈرامے کے حوالے سے آغا علی نے پرجوش ہوتے ہوئے بتایا کہ سلیم گھانچی کی ہدایات میں تیار ہونے والا یہ پروجیکٹ یوٹیوب پر بھی یکساں مقبول ہے۔

آغا علی نے کہا کہ 'مجھے سیونتھ اسکائی انٹرٹینمٹ کا حصہ بننے پر بہت زیادہ خوشی ہے، وہ بہت اچھے ڈرامے بنارہے ہیں'۔

'مجھے خدا پر یقین ہے' کی کہانی ایک نوجوان لڑکی رِدا کے گرد گھومتی ہے جو اپنے شوہر حماد اور 2 بچوں کے ساتھ خوشگوار زندگی بسر کررہی ہوتی ہے لیکن دو خواتین کے مجبوری کی حالت میں اِن کے گھر کرائے دار بننے کے بعد ان کی خوشحال زندگی غلط فہمیوں کا شکار ہوجاتی ہے۔

اس سے قبل آغا علی نے 'دل گمشدہ' میں حنا الطاف کے ساتھ اداکاری کی تھی اور وہ بھی بہت زیادہ مقبول ہوا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں