ملک میں مزید 5 ہزار 18 افراد کووِڈ 19 سے صحتیاب، 3 ہزار 377 متاثر

اپ ڈیٹ 04 مئ 2021
ملک میں 3 مئی کو مجموعی طور پر کووڈ-19 کے 37 ہزار 587 ٹیسٹس کیے گئے —فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں 3 مئی کو مجموعی طور پر کووڈ-19 کے 37 ہزار 587 ٹیسٹس کیے گئے —فائل فوٹو: اے ایف پی

ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ میں کچھ کمی آئی ہے تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ عید کے موقع پر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ رکھنے کی صورت میں معاملات بگڑ سکتے ہیں۔

کورونا وائرس کے اعداد و شمار مرتب کرنے کے لیے تیار کی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 3 ہزار 377 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ مزید 161 افراد انتقال کرگئے۔

ملک میں 3 مئی کو مجموعی طور پر کووڈ-19 کے 37 ہزار 587 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز کے مثبت آنے کی شرح 8.98 فیصد رہی اور فعال کیسز کی تعداد 86 ہزار 151 ہوگئی۔

پاکستان میں مجموعی طور پر 8 لاکھ 37 ہزار 523 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 18 ہزار 310 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کا شکار مزید 5 ہزار 18 مریض صحتیاب ہوئے جس کے بعد کورونا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 33 ہزار 62 تک جاپہنچی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 26 فروری 2020 کو ہوئی تھی، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک وائرس کی 2 لہریں ملک کو متاثر کرچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے اور اس پر قابو نہ پانے کی صورت میں متوقع سنگین صورتحال سے بھی بار بار خبردار کیا جارہا ہے۔

کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کے پیشِ نظر اس وقت پابندیوں میں سختی کردی گئی ہے جبکہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران پبلک پارکس، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے فوج کو تعینات کیا گیا ہے۔

ملک میں 4 مئی 2021 کو کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب

صوبہ پنجاب ان دنوں کورونا وائرس کی تیسری لہر سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا کے مزید ایک ہزار 600 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 111 اموات رپورٹ ہوئیں۔

پنجاب میں مجموعی طو پر کورونا وائرس سے 3 لاکھ 8 ہزار 529 افراد متاثر جبکہ 8 ہزار 683 انتقال کرچکے ہیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں بھی اب وبا کی تیسری لہر کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 895 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

مذکورہ اضافے کے بعد سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار 521 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 678 تک جا پہنچی ہے۔

خیبرپختونخوا

کورونا وائرس کی تیسری لہر نے پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا کو لپیٹ میں لیا تھا جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ-19 کے مزید 526 کیسز اور 31 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اب تک خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 20 ہزار 590 افراد وبا سے متاثر جبکہ 3 ہزار 423 مریض لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس کے 44 کیسز سامنے آئے جبکہ 2 مریض وبا سے انتقال کرگئے۔

نئے کیسز کے اضافے کے بعد بلوچستان میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 664 اور اموات کی مجموعی تعداد 239 تک پہنچ گئی ہے۔

اسلام آباد

کورونا کی تیسری لہر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بھی متاثر کیا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 283 کیسز سامنے آئے جبکہ 2 مریض انتقال کرگئے۔

اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 76 ہزار 492 ہے جبکہ 693 افراد وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 26 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 4 مریض انتقال کرگئے۔

مذکورہ اضافے کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مجموعی طور پر 17 ہزار 397 افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 487 افراد کی موت کا سبب بھی بنا ہے۔

گلگت بلتستان

کورونا وائرس سے سب سے کم گلگت بلتستان متاثر ہوا ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 کیسز سامنے آئے اور کوئی اموات رپورٹ نہیں ہوئی۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہزار 330 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 107 ہوگئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں