این سی او سی کا کووڈ-19 ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 04 مئ 2021
این سی او سی نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اورضلعی سطح پر ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
این سی او سی نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اورضلعی سطح پر ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 8 سے 16 مئی کے دوران عید کی چھٹیوں میں وفاق، صوبوں اور ضلعی سطح پر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جہاں نیشنل رابطہ کار لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیں: ‘فوج کی تعیناتی سمیت دیگر اقدامات کے بعد ایس او پیز پر عملدرآمد میں بہتری آئی ہے’

بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ 8 مئی سے 16 مئی2021 تک ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ اس دوران تمام کاروبار اور دوکانیں بدستور بند رہیں گی تاہم غذائی اجناس، سبزیوں کی دکانیں، میڈیکل اسٹور، پیٹرول پمپس اور بیکریاں کھلی رہیں گی۔

اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ مقامی اور بیرونی دونوں سطح پر سیاحت پر مکمل پابندی ہوگی، تمام سیاحتی مقامات، پکنک پوائنٹس، عوامی پارکس، شاپنگ مالز، تمام ہوٹل اور پکنک پوائنٹس کے اطراف میں ریسٹورنٹس بدستور بند رہیں گے۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ شمالی علاقوں کے پہاڑیوں میں سیاحتی اور پکنک پوائنٹس اور جنوب میں ساحلوں اور سی ویو بھی بند رہیں گے۔

تاہم گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مقامی لوگوں کو خصوصی طور پر گھروں کو واپس جانے کی اجازت ہوگی۔

قبل ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ مختلف اقدامات کے باعث قومی سطح پر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد میں بہتری آئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کا کہنا تھا کہ ‘فوج کی تعیناتی سمیت دیگر ٹھوس اقدامات کی بدولت کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد میں نمایاں بہتری آئی ہے’۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں ہورہا، علمائے کرام بھرپور کردار ادا کریں، معاون خصوصی

انہوں نے کہا تھا کہ ‘قومی سطح پر ایس او پیز پر عملدرآمد کی شرح 25 اپریل کو 34 فیصد تھی جو 3 مئی کو بڑھ کر 68 فیصد ہوگئی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ عید تک خصوصی طور پر ایس او پیز پر عمل درآمد کی سطح کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ میں کچھ کمی آئی ہے تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ عید کے موقع پر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ رکھنے کی صورت میں معاملات بگڑ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ 24 اپریل کو وزیر اعظم عمران خان وزیر اعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزرا کے ہمراہ قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ عوام میں ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے میں نے پاک فوج کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہم عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کررہے ہیں لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ عوام میں نہ خوف ہے اور نہ احتیاط کررہے ہیں اس لیے وبا کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

بعد ازاں ملک بھر میں فوج تعینات کردی گئی اور اس وقت مختلف علاقوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد میں سول انتظامیہ کا ساتھ دے رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں