جاپانی کمپنی شارپ نے اپنے فلیگ شپ فون اکیوس آر 6 کو متعارف کرادیا ہے۔

اس فلیگ شپ فون کے بیک پر صرف ایک ہی کیمرا ہے مگر وہی متعدد کیمروں پر بھاری ہے کیونکہ اس میں ایک انچ کا بڑا سنسر دیا گیا ہے۔

درحقیقت یہ کسی بھی موبائل فون میں نصب سب سے بڑا کیمرا سنسر ہے۔

فون میں دنیا کا پہلا پرو ایگزو او ایل ای ڈی 6.67 انچ اسکرین دی گئی ہے جس میں ایک ہرٹز سے 240 ہرٹز ڈائنامک ریفریش ریٹ دیا گیا ہے۔

اکیوس آر 6 میں اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر موجود ہے جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج سے لیس ہے۔

فون کا بیک کیمرا 20 میگا پکسل فوٹو لے سکتا ہے جبکہ فرنٹ لینس کو بھی ری ڈیزائن کیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ شارپ
فوٹو بشکریہ شارپ

بیک پر مین کیمرے کے ساتھ ایک ٹی او ایف سنسر بھی موجود ہے۔

بیک پر مین کیمرا بہت کم روشنی میں بھی زبردست کام کرتا ہے اور فرنٹ پر 12 میگا پکسل کیمرا موجود ہے۔

فون کا فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر نصب ہے جبکہ 5000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق اکیوس آر 6 واٹر پروف اور ڈسٹ پروف ہے۔

یہ فون 2 رنگوں بلیک اور وائٹ میں دستیاب ہوگا اور جون میں سب سے پہلے جاپان میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

تاہم کمپنی کی جانب سے فی الحال فون کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں