پی ایس ایل2021: غیرملکی کھلاڑیوں سمیت دو درجن سے زائد افراد کو ویزے جاری

اپ ڈیٹ 27 مئ 2021
لیگ کے بقیہ میچز کے لیے جنوبی افریقی کھلاڑیوں سمیت متعدد افراد کے ابوظبی کے لیے ویزے جاری کردیے گئے ہیں— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
لیگ کے بقیہ میچز کے لیے جنوبی افریقی کھلاڑیوں سمیت متعدد افراد کے ابوظبی کے لیے ویزے جاری کردیے گئے ہیں— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کے لیے جنوبی افریقی کھلاڑیوں سمیت دو درجن سے زائد افراد کے ابوظبی کے لیے ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔

ویزوں کے اجرا میں تاخیر کے باعث پاکستان سے دونوں چارٹرڈ فلائٹس کی روانگی میں ایک روز کی تاخیر ہوئی۔

مزید پڑھیں: انور علی کورونا وائرس کا شکار، پی ایس ایل کے بقیہ میچز سے باہر

ٹیموں کی روانگی التوا کا شکار ہونے کے بعد لاہور اور کراچی کے ہوٹلز میں قائم آئسولیشن کو ایک روز کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔

بعدازاں پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں سے جنوبی افریقی کھلاڑیوں سمیت بھارت سے سفر کرنے والے تکنیکی عملے کے لیے بھی ویزا جاری کردیا گیا ہے۔

بھارت سے ابوظبی کے لیے سفر کرنے والے تمام تکنیکی عملے کے 25 افراد کو ویزے جاری کر دیے ہیں۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف میں سے ابوظبی کے لیے سفر کرنے والے مجموعی طور پر 27 میں سے 26 افراد کو ویزے جاری کردیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کیلئے متبادل کھلاڑیوں کا ایک اور ڈرافٹ، شکیب باہر

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے جن افراد کو ویزے جاری کیے گئے ہیں ان میں فاف ڈیوپلیسی، ڈیوڈ ملر، رائیلی روسو، کیمرون ڈیلپورٹ، مائیکل اسمتھ اور ہرشل گبز شامل ہیں۔

پاکستانی آل راؤنڈر محمد نواز کو بھی جنوبی افریقہ سے چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے ابوظبی پہنچنے کے لیے ویزا جاری کردیا گیا ہے۔

پاکستان سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ پر متحدہ عرب امارات روانہ ہونے والے بیشتر افراد کے ویزے بھی جاری ہو چکے ہیں۔

27 مئی کی دوپہر 2 بجے سے پہلے ابوظبی کے ہوٹل میں چیک ان کرنے پر یو اے ای میں روم آئسولیشن کا پہلا دن شمار کیا جائے گا جبکہ اس حوالے سے مکمل تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے تاہم 4 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو 7 کھلاڑیوں اور دیگر میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: شاہد آفریدی اور نسیم شاہ پی ایس ایل 2021 کے بقیہ میچز سے باہر

تاہم اپریل میں پی سی بی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے یکم جون سے ایونٹ کے دوبارہ کراچی میں انعقاد کا فیصلہ کیا تھا اور کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لاہور میں میچز کے انعقاد کے منصوبے کو منسوخ کردیا گیا تھا۔

بعدازاں پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت اور سابقہ تجربات کے پیش نظر تمام فرنچائزوں نے پی سی بی سے لیگ کو متحدہ منتقل کرنے کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا تھا اور اب میچز کے ابوظبی میں انعقاد کی منظوری بھی مل چکی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں