چھٹے ایڈیشن سے قبل شان مسعود کو قیادت سے ہٹانا غلطی تھی، کوچ ملتان سلطانز

09 جون 2021
ملتان سلطانز نے چھٹے ایڈیشن کے آغاز سے چند دن قبل شان مسعود کو قیادت سے ہٹا دیا تھا— فائل فوٹو: پی ایس ایل
ملتان سلطانز نے چھٹے ایڈیشن کے آغاز سے چند دن قبل شان مسعود کو قیادت سے ہٹا دیا تھا— فائل فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز نے تسلیم کیا ہے کہ لیگ کے چھٹے ایڈیشن سے قبل شان مسعود کو قیادت سے ہٹا کر محمد رضوان کو ٹیم کا کپتان مقرر کرنا ایک غلطی تھی۔

ملتان سلطانز کے کوچ اینڈی فلاور نے ابوظبی میں ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور اس دوران ان سے شان مسعود کو قیادت سے ہٹانے کے حوالے سے سوال ہوچھا گیا تو انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کے بقیہ میچز کا 9 جون سے آغاز، فائنل 24 جون کو ہوگا

انہوں نے کہا کہ یہ سوال بالکل درست ہے اور ٹورنامنٹ کے قریب آ کر قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ ہماری کارکردگی پر اثرانداز ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شان مسعود بہت قابل احترام کپتان تھے اور میں یہ تسلیم کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنا کام بخوبی انجام دیا تھا اور بلے سے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، اس تبدیلی سے ہمارا توازن بگڑ گیا۔

تاہم اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے محمد رضوان کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بطور کپتان محمد رضوان نے عمدگی سے ذمے داری نبھائی اور وہ جس طرح کھیل کے بارے میں سوچتے ہیں، وہ چیز مجھے بہت پسند ہے۔

اینڈی فلاور نے کہا کہ رضوان پراعتماد اور اسمارٹ ہیں، وہ بلے سے کارکردگی دکھا کر قیادت کے منصب کے ساتھ انصاف کرتے ہیں اور وہ مستقبل میں پاکستان کرکٹ کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کی امارات واپسی چند ٹیموں کے لیے نیک شگون؟

ملتان سلطانز نے قومی ٹیم کے لیے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد رضوان کو چھٹے ایڈیشن کے آغاز سے قبل شان مسعود کی جگہ کپتان مقرر کیا تھا۔

محمد رضوان نے چھٹے ایڈیشن میں بطور بلے باز عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن وہ کپتان کی حیثیت سے انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا کیونکہ لیگ کے ابتدائی مرحلے میں سلطانز کو 5 میں سے چار میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

لیگ کی ابوظبی منتقلی کے بعد ملتان سلطانز اپنا پہلا اور مجموعی طور پر چھٹا میچ کل کراچی کنگز کے خلاف کھیلیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں