چین: رہائشی علاقے میں گیس لائن پھٹ گئی، 12 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 13 جون 2021
دھماکے کے نتیجے میں فوڈ مارکیٹ کی عمارت گر گئی—فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
دھماکے کے نتیجے میں فوڈ مارکیٹ کی عمارت گر گئی—فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

چین کے وسطی شہر میں رہائشی علاقے میں گیس لائن پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق سرکاری میڈیا سی سی ٹی وی کے مطابق گیس پائپ پھٹنے سے 138 افراد زخمی بھی ہوئے۔

مزید پڑھیں: چین: کوئلے کی کان میں دھماکا، 15 افراد ہلاک

صوبہ ہوبی کے شہر شییان میں ہونے والے جان لیوا حادثے کے نتیجے میں فوڈ مارکیٹ کی عمارت گر گئی جس کے بعد ڈیڑھ لاکھ افراد محفوظ مقام پر نقل مکانی کرگئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 37 افراد کی حالت نازک ہے۔

سی سی ٹی وی کی فوٹیج میں گری ہوئی عمارت کی پہلی منزل کا ملبہ اور بکھرے ہوئے شیشے دیکھے جاسکتے ہیں جہاں دھماکے کے وقت لوگ ناشتہ کر رہے تھے اور سبزی خرید رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی

لوگوں کو تباہ شدہ عمارتوں کے درمیان میں ملبے سے بھری گلی میں چلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق ہسپتالوں میں زیر علاج افراد کے لیے خون عطیہ کرنے کی درخواست کی جارہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں