یورپی پیراگلائیڈنگ ٹیم کا اسکردو کی بلتورو گلیشیئر پر عالمی ریکارڈ

اپ ڈیٹ 20 جولائ 2021
مشہور پیراگلائیڈر جیراڈ کی قیادت میں یورپی ٹیم نے ریکارڈ بنایا—فائل/فوٹو: رائٹرز
مشہور پیراگلائیڈر جیراڈ کی قیادت میں یورپی ٹیم نے ریکارڈ بنایا—فائل/فوٹو: رائٹرز

دنیا کے مشہور پیراگلائیڈر انٹائن جیراڈ کی قیادت میں یورپی ٹیم نے گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو کی 8 ہزار 407 میٹر بلند بلتورو گلیشئر پر پیراگلائیڈنگ کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یورپی پیرا گلائیڈرز نے 8 ہزار 407 میٹر بُلندی پر پیرا گلائیڈنگ کا یہ ریکارڈ قائم کیا جس میں پاک آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ کاکول کی ٹیم بھی شامل تھی۔

دنیا میں 8 ہزار میٹر سے بُلند ترین 14 میں سے 5 چوٹیاں پاکستان میں واقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیراگلائیڈنگ کے ذریعے منگلا جھیل کے نظارے

عالمی ریکارڈ بنانے والی یورپی ٹیم میں 6 یورپی پیرا گلائیڈرز شامل تھے، جو 25 مئی سے ہنزہ اور اسکردو میں موجود تھے اور جون میں ان پیرا گلائیڈرز نے ہنزہ کی پہاڑیوں میں پریکٹس کی تھی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ عالمی شہرت یافتہ پیرا گلائیڈر انٹائن جیراڈ اس ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، ان کا مشن پیرا گلائیڈنگ کر کے بُلندی پر جانے کا عالمی ریکارڈ بنانا تھا، اس سے پہلے عالمی ریکارڈ 8 ہزار 157 میٹر تھا جبکہ نیا ریکارڈ 8 ہزار 407 میٹر کا بنایا جا چکا ہے۔

پیراگلائیڈنگ کا عالمی ریکارڈ یورپی پیرا گلائیڈر انٹائن جیراڈ نے اسکردو میں واقع بلتورو گلیشیئر پر بنایا۔

پاکستان کے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ یہ ریکارڈ اس کی سر زمین پر بنا، اس دوران آرمی اسکول اور فزیکل ٹریننگ کے مایہ ناز پیرا گلائیڈرز بھی مہم جوؤں کے ساتھ پریکٹس میں شریک رہے اور پریکٹس سیشن میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

پاکستان آرمی کی پیرا گلائیڈنگ ٹیم کی قیادت کیپٹن احسن نے کی اور ان کے ساتھ حوالدار قاسم اور حوالدار مُقیت بھی اس مہم کا حصہ تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے 5 سے 6 ہزار میٹر بلند 4 مختلف چوٹیوں سے کامیاب پیرا گلائیڈنگ کی۔

مزید پڑھیں: سیاحتی مقامات کی دلچسپ تصاویر

عالمی ریکارڈ بنانے والے غیر ملکی پیرا گلائیڈرز نے حکومت پاکستان اور پاک فوج کا سہولیات، سیکیورٹی اور دیگر معاونت پر شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس عالمی ریکارڈ کی شہرت کے ساتھ پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں