آزاد کشمیر کے 13 ویں وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کون ہیں؟

اپ ڈیٹ 04 اگست 2021
سردار عبدالقیوم نیازی آزاد جموں و کشمیر کے 13 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے—فوٹو: حکومت آزاد جموں و کشمیر ٹوئٹر
سردار عبدالقیوم نیازی آزاد جموں و کشمیر کے 13 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے—فوٹو: حکومت آزاد جموں و کشمیر ٹوئٹر

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار عبدالقیوم نیازی نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا تعلق ضلع پونچھ کی تحصیل عباس پور کے سیکٹر بٹل کے گاؤں ڈیرا شیر خان سے ہے، جہاں ماضی میں بھارت کی جانب سے شدید گولہ باری ہوتی رہی ہے تاہم ان کا خاندان اسلام آباد میں مقیم ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم کا نیازی خاندان سے کوئی تعلق نہیں تاہم وہ تخلص کے طور پر نیازی لکھتے ہیں، ان کا تعلق پونچھ کے دولی خاندان سے ہے جو مغل کی ذیلی شاخ ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے حلف اٹھالیا

نیازی وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا تخلص ہے جس کے ساتھ ایک دلچسپ کہانی جڑی ہے، جب 90 کی دہائی کے اوائل میں سردار عبدالقیوم پونچھ کی ضلع کونسل کے رکن تھے اور مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عبدالقیوم خان آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم تھے۔

ریاست کے وزیراعظم اور پونچھ کی ضلع کونسل کے رکن کا نام یکساں ہونے کی وجہ سے ان کے اخباری بیانات اور سرکاری احکامات میں فرق کرنا مشکل ہو رہا تھا اور ضلع پونچھ کی انتظامیہ کئی مرتبہ ضلع کونسل کے رکن کے احکامات کو وزیر اعظم کے احکامات سمجھ کر ان پر عمل درآمد کر دیتی۔

سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نے اس مشکل کا حل نکالنے کے لیے پونچھ کے ضلع کونسل کے رکن کو اپنے نام کے ساتھ اضافہ کرنے کی تجویز دی اور یوں انہوں نے اپنے نام کے ساتھ نیازی لکھنا شروع کر دیا۔

واضح رہے کہ نیازی ان کا خاندانی نام نہیں اور نہ ہی ان کے خاندان میں کوئی دوسرا شخص اپنے نام کے ساتھ نیازی لکھتا ہے، حالیہ انتخابی مہم کے دوران 17 جولائی 2021 کو باغ میں انتخابی جلسے میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کی فہرست پڑھتے وقت جب سردار عبدالقیوم نیازی کا نام سامنے آیا تو وزیر اعظم عمران خان نے بھی حیرت کا اظہار کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقعے پر رک کر یک دم کہا تھا کہ ’نیازی یہاں کیسے آ گیا، میں بڑا حیران ہوں، ویسے ہم نیازی ساری جگہ پھیل گئے ہیں‘۔

سردار عبدالقیوم نیازی ضلع کونسل کے رکن رہنے کے علاوہ مسلم کانفرنس کی حکومت میں 2006 سے 2008 تک وزیر خوراک اور بعد ازاں 2010 سے 2011 تک سردار عتیق احمد خان کی دوسری کابینہ میں وزیر جنگلات بھی رہ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر اسمبلی میں چوہدری انوار الحق اسپیکر، ریاض احمد ڈپٹی اسپیکر منتخب

جموں و کشمیر کی سب سے پرانی سیاسی جماعت مسلم کانفرنس سے سیاست کا آغاز کرنے والے ریاستی وزیر رہنے والے سردار عبدالقیوم نیازی نے 2016 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کی۔

پی ٹی آئی نے انتخابات 2021 کے لیے انہیں ایل اے-18 پونچھ کے حلقے سے ٹکٹ جاری کیا جہاں ان کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد یاسین گلشن سے تھا تاہم انہوں نے 24 ہزار 343 ووٹ حاصل کیے جبکہ حریف نے 15 ہزار 769 ووٹ حاصل کیے، پی پی پی امیدوار سردار امجد یوسف 11 ہزار 635 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے۔

سردار عبدالقیوم نیازی ابتدائی طور پر وزیراعظم کی دوڑ میں شامل نہیں تھے تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق 31 جولائی کو انہیں انٹرویو کے لیے اسلام آبادمیں وزیراعظم ہاؤس طلب کیا گیا جس کے بعد وہ اس دوڑ میں شامل ہوگئے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بنانے کی منظوری دی اور اس کا اعلان وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر کیا اور تھوڑی بعد قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے ووٹنگ ہوئی اور انہیں 33 ووٹ کے ساتھ کامیابی نصیب ہوئی جبکہ ان کے مدمقابل اپوزیشن کے مشترکہ اور پی پی پی امیدوار چوہدری لطیف اکبر کو 15 ووٹ ملے۔

سردار عبدالقیوم نیازی 33 ووٹوں کے ساتھ آزاد جموں و کشمیر کے 13 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے، بعد ازاں آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا خاندان اسلام آباد میں مقیم ہے اور ذاتی کاروبار سے منسلک ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں