اشناہ شاہ 9 دن میں کورونا سے صحت یاب

اپ ڈیٹ 12 اگست 2021
اشنا شاہ 11 اگست کو صحت یاب ہوئیں—فوٹو: انسٹاگرام
اشنا شاہ 11 اگست کو صحت یاب ہوئیں—فوٹو: انسٹاگرام

گزشتہ ہفتے کورونا کا شکار ہونے والی اداکارہ اشنا شاہ ویکسینیشن کی وجہ سے محض 9 دن میں ہی صحت یاب ہوگئیں۔

اشنا شاہ میں 2 اگست کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔

اداکارہ وبا کا شکار ہونے سے قبل کورونا سے تحفظ کی ویکسینیشن بھی کرا چکی تھیں لیکن اس کے باوجود وہ اس کا شکار ہوئیں۔

اداکارہ تقریبا 9 دن تک گھر میں قرنطینہ میں رہیں، جس کے بعد وہ صحت یاب ہوگئیں اور انہوں نے کورونا فری ہونے کا اعلان بھی انسٹاگرام پر کیا۔

اشنا شاہ نے 11 اگست کو اپنی پوسٹ میں تصدیق کی کہ انہوں نے کورونا کو شکست دے دی اور ساتھ ہی اداکارہ نے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اشنا شاہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

اداکارہ کے مطابق جیسے ہی وہ کورونا کا شکار ہوئیں تو ان کے مداحوں میں تشویش دوڑ گئیں اور لوگوں نے پیغامات کے ذریعے ان سے خیریت دریافت کی، جس پر وہ ان کی مشکور ہیں۔

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ کورونا کی وجہ سے ان کے پھیپھڑوں پر کچھ اثر پڑا ہے اور انہیں سانس لینے میں معمولی دشواری کا بھی سامنا ہے۔

اشنا شاہ نے کورونا سے صحت یاب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ اب وہ دوبارہ کام پر واپس جانے کے لیے تیار ہیں۔

ان کی طرح حال ہی میں عدنان صدیقی بھی دو ہفتوں کے اندر ہی کورونا سے صحت یاب ہوگئے تھے، انہوں نے بھی خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: عدنان صدیقی کورونا سے صحت یاب

عدنان صدیقی نے بھی کورونا ویکسینیشن کروائی ہوئی تھی، جس کی وجہ سے ان میں بھی کوئی بڑی علامات نہیں دیکھی گئیں۔

اشنا شاہ اور عدنان صدیقی کے علاوہ ویکسینیشن کروانے کے باوجود نادیہ حسین، مصطفیٰ قریشی، زرنیش خان اور سنبل اقبال بھی حال ہی میں کورونا کا شکار ہوئی ہیں۔

اس سے قبل تیسری اور دوسری لہر جب کہ پہلی لہر میں بھی متعدد شوبز شخصیات کورونا سے متاثر ہوئی تھیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات تین سے چار ہفتوں میں صحت یاب ہوگئی تھیں۔

عام طور پر شوبز شخصیات گھروں میں رہتے ہوئے صحت یاب ہوگئی تھیں لیکن بعض شخصیات کو طبیعت بگڑنے پر کچھ دن کے لیے ہسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں